’سنڈے ہو یا منڈے روز کھاؤ انڈے‘ نعرہ موزوں نہ رہا

انڈوں میں اینٹی بائیوٹک اثرات سے تشویش
l بازار میں دستیاب انڈا تغذیہ بخش نہیں
l امریکی تحقیقی ادارہ کی رپورٹ

حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) ’سنڈے ہو یامنڈے روز کھاؤ انڈے‘ کا اشتہاری نعرہ اب بازار میں دستیاب انڈوں کیلئے پہلے جیسا موزوں نہیں ہو سکتا کیونکہ مرغی اور مچھلی کے بعد اب انڈا بھی انسانی صحت کیلئے مضر قرار دیا جانے لگا ہے جس کی وجہ سے بازار میں دستیاب سفید انڈا نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کیلئے بھی نقصاندہ قرار دیا جانے لگا ہے۔ امریکی تحقیقی ادارہ کے مطابق ہندوستانی بازار میں دستیاب انڈے استعمال کنندگان کیلئے مضر ہیں اور ان مضر انڈوں کے استعمال کے سلسلہ میں کہا جارہاہے کہ ان انڈوں کے ذریعہ چرند اور پرند میں پائی جانے والی بیماریاں انسانوں میں منتقل ہو رہی ہیں اور اس کے علاوہ مرغ کو کثرت سے دیئے جانے والے اینٹی بائیوٹک ادویات کے اثرات انڈوں میں بھی سرائیت کر جا رہے ہیں جو کہ انسان کی قوت مدافعت کو کمزور کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ امریکی تحقیقی ادارہ ’’سنٹر فار ڈائنامکس‘ اکنامکس اینڈپالیسی‘‘ واقع واشنگٹن کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق بازار میں دستیاب انڈوں میں اینٹی بائیوٹک کے اجزاء پائے جانے لگے ہیں جو کہ مرغ کو دیئے جاتے ہیں تاکہ اسے بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہوئے جلد بڑا کیا جا سکے۔ مرغ کو دیئے جانے والے اینٹی بائیوٹک کے اثرات انڈوں میں پائے جانے کے بعد ان انڈوں کا استعمال انسانی صحت کے لئے نقصاندہ ثابت ہوتا ہے اور انسان کے جسم میں موجود قوت مدافعت کمزور پڑتی جا تی ہے جس کے نتیجہ میں اس کے اعضائے رئیسہ کو نقصان ہونے لگتا ہے۔ سابق میں منظر عام پرآئی دیگر تحقیق کے مطابق مرغ کے استعمال کی صورت میں انسانی جسم پر اینٹی بائیوٹک ادویات کا اثر کم ہوتا جا رہاہے اور ادویات کے اثر نہ ہونے کے سبب انسان کی قوت مدافعت کمزور پڑتی جارہی ہے لیکن اب جو تحقیق انڈوں کے متعلق منظرعام پر آئی ہے وہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہے کیونکہ انڈوں کا استعمال عام بات ہے اور بچوں کو بھی انڈے صحت کے اعتبار سے بہتر تصور کرتے ہوئے دیئے جاتے ہیں جس کی مثال حکومت کی جانب سے اسکولوں میں فراہم کئے جانے والے مڈ ڈے میل کی ہے جس میں انڈے کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ بچوں کی ذہنی نشونما کے ساتھ انہیں درکار تغذیہ کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے لیکن اب جب امریکی ادارہ کی تحقیق منظر عام پر آئی ہے تو اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بازار میں دستیاب سفید انڈے بھی انسانی صحت کیلئے مضر ہیں تو اس کے اثرات سب سے پہلے بچوں کے مدافعتی نظام پر مرتب ہوتے ہیں اور بچوں پر ادویات بے اثر ہونے لگتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT