Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / سنگارینی کالریز ملازمین کیلئے خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ

سنگارینی کالریز ملازمین کیلئے خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ

جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا اعلان

جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا اعلان
حیدرآباد 21 جولائی (سیاست نیوز)چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے سنگارینی کالریز ملازمین کیلئے خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ کا اعلان کیا ہے سنگارینی کالریز کے عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر نے آج جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں سنگارینی کالریز کے ملازمین کیلئے مختلف مراعات کے علاوہ کوئلہ کی پیداوار میں اضافہ اور نئے تھرمل پاور پراجکٹس کے قیام کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لینے والے سنگارینی کالریز کو سرکاری ملازمین کی طرح خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ دیا جائے اور عام ہڑتال میں حصہ لینے کی مدت کو رخصت تصور کیا جائے ۔ حکومت نے سنگارینی کالریز کے حدود میں چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کا فیصلہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ہاسپٹلس کریم نگر ،عادل آباد ،ورنگل اور کھمم اضلاع میں تعمیر کئے جائیں گے ۔ جن کا مقصد سنگارینی ملازمین اور ان کے ارکان خاندان کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی ہے ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ سنگارینی کالریز کے تحت ایک میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے ۔ سنگارینی کالریز میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت نے کوئلہ کی پیداوار میں اضافہ کے علاوہ مرکز کی جانب سے حاصل کئے جانے والے حصہ کی تلنگانہ حکومت کی جانب سے خریدی کی تجویز پیش کی گئی تا کہ نئے تھرمل پاور پراجکٹ کے قیام میں مدد ملے ۔ سنگارینی کالریز کی جانب سے بیرونی ممالک میں کوئلہ کی کانوں کے حصول کے سلسلہ میں 10 ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ راما گنڈم میں این ٹی پی سی کو 1500 ایکر اور جینکو کو 424 ایکر ،مانوگرو میں 200 ایکر اراصی کے الاٹمنٹ کا فیصلہ کیاگیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نومبر 2015 تک 1200 میگا برقی کی پیداوار کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس کے لئے سنگارینی تھرمل پاور پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ کوئلہ کی پیداوار کو 65 ملین میٹرک ٹن تک پہنچانے کی کوشش کی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT