Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / سنگارینی کالریز ملازمین کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح

سنگارینی کالریز ملازمین کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح

یلندوں میں انتخابی مہم ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج ضلع کھمم کے یلندو کے اسمبلی حلقہ میں سنگارینی کالریز کی یونین کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کے ہمراہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی تائیدی ورکرس تنظیم ٹی بی جی کے ایس کے حق میں جلسہ سے خطاب کیا۔ ان کے ہمراہ رکن اسمبلی کے کنکیا، صدرنشین تلنگانہ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن برہان بیگ ، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین اور صدر اقلیتی سیل ٹی آر ایس ایم کے مجیب الدین کے علاوہ مقامی یونین قائدین موجود تھے ۔ محمود علی نے کہا کہ سنگارینی کالریز کے ملازمین کی بھلائی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انتخابات سے قبل سنگارینی ملازمین کیلئے جو وعدے کئے گئے تھے، ان کی تکمیل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد سنگارینی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے ورکرس سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کی تائیدی تنظیم کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ صرف ٹی آر ایس حکومت ہی سنگارینی ملازمین کی بھلائی کرسکتی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی تائیدی یونین کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ۔ دیگر قائدین نے بھی اس جلسہ سے خطاب کیا۔ سنگارینی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی طبقہ کے ورکرس نے ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کی اور تائید کا یقین دلایا ۔

TOPPOPULARRECENT