Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / سنگا و دیگر سری لنکائی کھلاڑی اسپن کا شکار ، اشوین کو 6 وکٹ

سنگا و دیگر سری لنکائی کھلاڑی اسپن کا شکار ، اشوین کو 6 وکٹ

٭  گال ٹسٹ میں سری لنکا ٹاس جیت کر 183 پر ڈھیر، اسپنروں کو آٹھ وکٹیں
٭  ہندوستان کی جوابی اننگز 128/2 میں دھون 53 اور کپتان کوہلی 45 پر ناٹ آؤٹ

 

گال ، 12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) روی چندرن اشوین کی آف اسپن اور پھر شکھر دھون نیز کپتان ویراٹ کوہلی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ہندوستان کو سری لنکا کے مقابل پہلے ٹسٹ کے آج یہاں افتتاحی روز غالب رکھا، جس میں کمار سنگاکارا کی اپنے کریئر کے دوسرے آخری میچ میں ناکامی نے میزبانوں کو مزید مایوس کیا۔ میزبان ٹیم اندرون 50 اوورز 183 پر ڈھیر ہوگئی اور بعدازاں ممکنہ 34 اوورز کے کھیل میں ہندوستان نے  128/2 بنائے ، جس میں اوپنر دھون 53 اور کپتان کوہلی 45 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ صبح میں انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے بعد سے سب کچھ ہندوستانیوں کے حق میں بہتر ہوتا رہا۔ خاص طور پر اشوین نے سری لنکن بیٹنگ لائن اپ میں تباہی مچائی، جیسا کہ انھوں نے اوپنرز کو چھوڑ کر بعد والے سات بیٹسمنوں میں سے چھ کو پویلین کی راہ دکھائی، جن میں اسٹار بیٹسمن سنگا شامل ہیں، جو 12 گیندوں میں صرف 5 رنز بنا پائے۔

سنگا کیلئے اس میچ میں بہت ناقص اننگز برآمد ہوئی جسے وہ جلد فراموش کردینا چاہیں گے۔ انھوں نے اشوین کے آف بریک کو بیک فُٹ پر جاکر کھیلا لیکن گیند نیچی نہیں رکھ پائے اور بقیہ کام سِلی پوائنٹ پر تعینات نوجوان لوکیش راہول نے شارپ کیچ کے ساتھ مکمل کیا۔ اسٹرائیک بولرز ایشانت شرما اور ورون آرن نے مل کر اوپنرز دیموتھ کرونارتنے (9) اور کوشل سلوا (5) کو سستے میں چلتا کردیا۔ اس کے بعد سری لنکا کو اشوین نے اسپن کے جال میں باندھ کر رکھا، جس میں انھیں لیگ اسپنر امیت مشرا کا اچھا ساتھ ملا۔ اشوین نے 13.4 اوورز میں 6/46 کے اعداد و شمار درج کرائے جبکہ مشرا کو دو وکٹیں حاصل ہوئے۔ میزبان کپتان میتھیوز نے پانچویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 64 کا ٹاپ اسکور کیا جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمن دنیش چندیمل (59) نے بھی ہاف سنچری بنائی۔ وائس کیپٹن لہیرو تھریمانے (13) بھی اشوین کے شکار ہوئے۔ جہان مبارک کو سری لنکا نے ایک اور موقع دیتے ہوئے ان سے چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرائی مگر اشوین نے انھیں کھاتہ کھولنے کا تک موقع نہیں دیا۔ اشوین کے 6/46 بیرون ملک اُن کی بہترین بولنگ ہے۔ ہندوستان کی جوابی اننگز میں نئے اوپنر لوکیش راہول 7 رنز بناکر دمیکا پرساد کا شکار بنے جبکہ میتھیوز نے روہت شرما کو 9 رنز پر آؤٹ کردیا۔ تب سے اوپنر دھون اور کوہلی نے مل کر سوجھ بوجھ سے کھیلا اور اب تک 24.3 اوورز کی پارٹنرشپ میں ٹھیک 100 رنز جوڑ چکے ہیں۔ ہندوستان کو سبقت کیلئے ہنوز 56 رنز بنانا ہے۔

TOPPOPULARRECENT