Friday , August 17 2018
Home / سیاسیات / سنگھ پریوار کی رام مندرمہم میں تیزی، طاقت کی سیاست کا ایجنڈہ

سنگھ پریوار کی رام مندرمہم میں تیزی، طاقت کی سیاست کا ایجنڈہ

فسطائی طاقتیں جمہوری افکار کی تباہی کے درپے، پاپولر فرنٹ ڈے کے موقع پر ای ابوبکر کا خطاب

نئی دہلی۔18فروری(سیاست ڈاٹ کام) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ایک قومی تحریک کے طور پر اعلان کے بعد، تنظیم کے گیارہویں سال میں داخلے کے موقع پر پورے ہندوستان میں 17 فروری کو پاپولر فرنٹ ڈے منایا گیا۔ اس روز 18 ریاستوں میں مختلف مقامات پر یونٹی مارچ، اجتماعِ عام، کارنر میٹنگ اور پرچم کشائی جیسے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ منی پور، آسام، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار، اترپردیش، دہلی، ہریانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، آندھر پردیش، تلنگانہ، گوا، کرناٹک، تملناڈو، پونڈی چیری اور کیرالہ میں یہ پروگرام منعقد کیے گئے۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین ای ابوبکر نے کیرالہ کے تیرور میں منعقدہ عظیم الشان کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی فرقہ پرست طاقتیں ہندوستان کی سیکولر، سماجی اور جمہوری فکر کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔ لہٰذا ایسی طاقتوں کے خلاف اور ملک و عوام کے مفاد کے لیے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سنگھ پریوار اپاپولر فرنٹ پر پابندی عائد کرنے کے لیے اس لیے دباؤ بنا رہا ہے ، کیونکہ اس کے اندر نہ تو جمہوری حقوق کا کوئی احترام ہے اور نہ ہی دستور میں مذکور اقلیتوں کے حقوق کے تئیں کوئی رواداری کا جذبہ۔ ای ابوبکر نے تنظیم پر پابندی کی بات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیا ہماری خطا یہ ہے کہ ہم تعلیمی و معاشی منصوبوں کے ذریعہ انتہائی پسماندہ مسلم قوم کی تقویت کے لیے کوشش کرتے آئے ہیں؟ کیا ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم ملک کے آئین اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہیں؟ حالانکہ آرایس ایس ان سب کی صریح خلاف ورزی کرتی رہی ہے۔‘‘ انہوں نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ پریوار ایک بار پھر بابری مسجد کے مقام پر رام مندر بنانے کی اپنی مہم تیز کر رہا ہے، لیکن اس کے پیچھے اس کا مقصد کسی مذہبی جذبے کی تکمیل نہیں بلکہ طاقت کی سیاست کے ایجنڈے کو پورا کرنا ہے۔پاپولر فرنٹ ڈے کے موقع پر،کیرالہ ریاست کے کاسرگوڈ، مووتوپوزا اور پینڈالم میں رضاکاران کے ذریعہ یونٹی مارچ نکالے گئے ، جن کے بعد عظیم الشان اجتماعات بھی منعقد کیے گئے۔تملناڈو کے ایروڈ، ویلور، تریچی اور تھینی اور کرناٹک کے سولیا علاقے میں یونٹی مارچ و عوامی کانفرنس منعقد کیے گئے۔ ان ریلیوں میں یونیفارم پہنے پاپولر فرنٹ کے رضاکاران کے علاوہ ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT