Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / سن رائیزرس کا آج کے کے آر سے مقابلہ ، حیدرآباد پہلی کامیابی کیلئے پرعزم

سن رائیزرس کا آج کے کے آر سے مقابلہ ، حیدرآباد پہلی کامیابی کیلئے پرعزم

نہرا بمقابلہ گمبھیر ، وارنر بمقابلہ ہاگ دلچسپ ٹکراؤ متوقع
حیدرآباد ۔ 15 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رواں سیزن اپنی پہلی کامیابی پر توجہ مرکوز کرچکی حیدرآباد سن رائیزرس ٹیم کل یہاں حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 2 مرتبہ کی چمپیئن ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف بہتر مظاہرہ کے لئے پرعزم ہے تاکہ رواں ٹورمنٹ میں اپنی مہم کو کامیابی کی سمت گامزن کرسکے ۔ سن رائیزرس کو رواں ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں رائیل چیلنجرس بنگلور کے خلاف 45رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے اور اس مقابلے میں حیدرآبادی بولروں کو حریف کپتان ویراٹ کوہلی ، دنیا کے سب سے بہترین بیٹسمین تصور کئے جانے والے اے بی ڈی ویلرس ، آسٹریلیائی سابق آل راؤنڈر شین واٹسن اور ہندوستان کے اُبھرتے نوجوان کھلاڑی سرفراز خان کے خلاف مشکل وقت گذارنا پڑا تھا ۔ حیدرآبادی ٹیم کے بولنگ شعبہ میں ہندوستانی ٹیم کے 2 تجربے کار بولر آشیش نہرا اور بھونیشور کمار کی خدمات حاصل ہونے کے علاوہ عالمی کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے بولر کرن شرما کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار داخلہ کرنے والے بنگلہ دیشی بولر مستفیق الرحمن بھی موجود ہیں لیکن یہ بولرس بنگلور کو 200 سے زائد رنز بنانے سے باز رکھنے میں کامیاب نہیں ہوپائے تھے ۔ حیدرآبادی ٹیم کے لئے اس کے اوپنر شکھر دھون کا ناقص فام تشویش کاباعث ہے کیونکہ وہ گزشتہ چند مقابلوں سے مسلسل ناکام ہورہے ہیں اور آئی پی ایل کے پہلے مقابلے میں بھی وہ کامیاب نہ ہوسکے ۔

بنگلور کے خلاف کپتان ڈیوڈ وارنر نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ایک مثالی اننگز ضرور کھیلی ہے لیکن دیگر بیٹسمینوں نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں قابل ذکر اسکور نہیں کیا حالانکہ بیٹنگ شعبہ میں انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن بھی شامل ہیں لیکن وہ بھی پہلے مقابلے میں خاطر خواہ مظاہرہ نہ کرپائے ۔ دوسری جانب کولکتہ نائیٹ رائیڈرس جس نے 2012 اور 2014 ء میں آئی پی ایل خطابات حاصل کئے کئے ہیں اسے اپنے دوسرے مقابلے میں دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کے خلاف ہمالیائی اسکور بنانے کے باوجود شکست ہوئی ہے لہذا وہ اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پھر ایک بار کامیابی کی سمت گامزن ہونے کی خواہاں ہے۔ کے کے آر جس نے اپنے افتتاحی مقابلے میں دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف ایک جامع کامیابی حاصل کی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں اس کے بولرس نشانہ کے دفاع میں ناکام ہوئے ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ کے کے آر اپنی ٹیم میں ویسٹ انڈیز کے کامیاب ترین بولر سنیل نارائن کو شامل کرے گا جنھیں آئی سی سی نے بولنگ کی اجازت دیدی ہے ۔ سنیل کی ٹیم میں شمولیت کے بعد ان کی اسٹریلیائی سابق اسپنر براڈ ہاگ کے ساتھ ایک بہتر جوڑی بن سکتی ہے جوکہ حیدرآبادی بیٹسمینوں کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہے ۔ حالانکہ سنیل کی عدم موجودگی میں ہاگ اور اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر رسل ارنالڈ نے ٹیم کے لئے بہتر مظاہرے کئے ہیں۔ کے کے آر کو بیٹنگ شعبہ میں کپتان گوتم گمبھیر کی خدمات حاصل ہیںجوکہ رواں ٹورنمنٹ کے ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ ساتھی اوپنر رابن اُتھپا کے علاوہ ہندوستان کے نوجوان بیٹسمین منیش پانڈے ٹیم کی ابتدائی بیٹنگ صف کو طاقتور بناچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT