Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / سوائین فلو کے مزید 35 کیسیس ۔ ریاست بھر میں ادویات کی قلت نہ ہونے کا ادعا

سوائین فلو کے مزید 35 کیسیس ۔ ریاست بھر میں ادویات کی قلت نہ ہونے کا ادعا

حیدرآباد ۔ 25 ؍ جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں تیزی سے پھیلنے والے سوائن فلو کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ہر سطح پر سوائن فلو سے نجات حاصل کرنے والی ادویات کافی مقدار میں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ علاوہ ازیں آج جملہ 82 متاثرہ افراد کے نمونے ٹسٹ کئے گئے جن کے منجملہ 35 پازیٹیو ثابت ہوئے ۔ متاثرہ افراد کا موثر علاج کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ میڈیا بات کرتے ہوئے ڈائرکٹر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس ڈاکٹر این نریندر ناتھ نے بتایا کہ تمام اضلاع میں سوائن فلو وائرس سے متاثرہ جملہ (943) نمونوں کے معائنے کئے گئے جن کے منجملہ 321 پازیٹیو رہے ۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے عوام سے خواہش کی کہ اگر کوئی سوائن فلو وائرس کی علامات کا شکار ہو فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں ۔ اگر خانگی ڈاکٹروں سے رجوع ہونے کے موقف میں نہ ہوں تو منڈل و ایریا ہاسپٹل سے رجوع ہوں۔ اگر وہاں علاج ممکن نہ ہوتو ڈاکٹرس خود متاثرہ افراد کو حیدرآباد منتقل کرنے انتظامات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر متاثرین حیدرآباد آنے کے موقف میں نہ ہوں تو انہیں 108 سرویس کے ذریعہ مفت دواخانہ منتقل کرنے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں ۔ ڈاکٹر نریندرناتھ نے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص کسی اپنے قریبی ہاسپٹل سے رجوع ہو نے پر انہیں علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو سے نمٹنے 26 ہزار گولیاں اور ٹیکے تیار رکھے گئے ہیں ۔ ادویات کی کہیں بھی عدم دستیابی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ منڈل تا ایریا ہاسپٹل اور شہر حیدرآباد کے تمام نادردواخانوں میں ادویات دستیاب ہیں ۔ اور عوام سے سوائن فلو وائیرس سے متاثر ہونے کی صورت میں ڈرنے اور گھبرائے بغیر علاج کروا لینے کی اپیل کی ۔

TOPPOPULARRECENT