سوامی گوڑ پر زخمی ہونے کے جھوٹے ناٹک کا الزام

دو کانگریس ارکان کی رکنیت ختم کرنے کی سخت مذمت، اتم کمار ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر زخمی ہونے کا جھوٹا ناٹک کرنے کا صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ پر الزام عائد کیا ۔کانگریس کے 2 ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے باقی کانگریس کے ارکان اسمبلی کو بجٹ سیشن تک معطل کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے فیصلے کو یکطرفہ قرار دیا۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کو اقتدار کے نشے میں گھمنڈ اور تکبر میں مبتلاء ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کل ہی سوامی گوڑ زخمی نہ ہونے کا ادعا کیا تھا خود سوامی گوڑ نے میڈیا سے کہا کہ وہ چیف منسٹر کی ہدایت پر دواخانے میں شریک ہوئے ہیں۔ حکمراں ٹی آر ایس نے اپنے 4 سالہ ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں کانگریس کے خلاف سازش تیار کرتے ہوئے دوسرے دن اسمبلی پہنچی تھی۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی پوڈیم تک بھی نہیں پہنچے 50 تا 60 مارشلس نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو انکی نشستوں تک محدود کردیا۔ دھکم پیل میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی بھی زخمی ہوگئے۔ افسوس کی بات یہ ہیکہ کانگریس دورحکومت میں گورنر کو نشانہ بنانے والے ہریش راؤ نے ہی کانگریس کے 2 ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی رکنیت منسوخ کرنے باقی کانگریس کے ارکان اسمبلی کو بجٹ سیشن تک معطل کرنے کی قرارداد پیش کی ہے۔ اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری نے اپنے اختیارات کا استعمال کرنے کے بجائے انہوں نے چیف منسٹر اور وزیراسمبلی امور کے دباؤ کا شکار ہوکر کانگریس کے خلاف غیرمنصفانہ کارروائی کی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں ایک سے زیادہ کیمرے ہیں مگر حکومت نے اس کی جانچ نہیں کی جس سائیڈ ہیڈفون پھینکا گیا اس سائیڈ سوامی گوڑ بیٹھے ہی نہیں تھے اور ہیڈفون سے سوامی گوڑ زخمی ہونے کا کوئی ویڈیو فوٹیج منظرعام پر نہیں آیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کیا ہیڈفون میزائل ہے جو گھوم پھر کر سوامی گوڑ کو لگے گا۔ واقعہ کے 15 منٹ تک گورنر نے اپنے خطبہ کو جاری رکھا۔ تب تک سوامی گوڑ نارمل تھے۔ انہوں نے گورنر کو وداع بھی کیا۔ اس کی تھوڑی دیر بعد ڈرامہ شروع ہوگیا اور سوامی گوڑ کو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا اور انہیں وہیل چیئر پر بٹھاتے ہوئے تماشہ کیا گیا۔ سارے ڈرامہ کے ڈائرکٹر خود کے سی آر ہیں۔ ان کی ہدایت پر ہی سوامی گوڑ ہاسپٹل میں شریک ہوگئے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت 4 سال میں 12 فیصد مسلم تحفظات، 10 فیصد ایس ٹی تحفظات، ڈبل بیڈروم مکانات، دلتوں میں تین ایکر اراضی تقسیم کرنے کے علاوہ دوسرے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کیلئے کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی کو بجٹ سیشن تک معطل کردیا گیا۔ کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی کو معطل کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت بجٹ منظور کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT