Thursday , October 18 2018
Home / Top Stories / سوشل میڈیا نفرت نہیں، محبت اور خوشیاں پھیلاتا ہے :شیوراج سنگھ چوہان

سوشل میڈیا نفرت نہیں، محبت اور خوشیاں پھیلاتا ہے :شیوراج سنگھ چوہان

بھوپال23جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس کے ایک نوجوان کے اہل خانہ کے لئے حکومت کی اسکیموں کے ذریعے پکا مکان، ٹوائلٹ اور دیگر ضروریات کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ سوشل میڈیا صرف نفرت پھیلاتا ہے ، یہ تو ضرورت مند خاندانوں کی زندگیوں میں خوشیاں بھرتا ہے ۔دراصل دیواس ضلع کے ایک مزدور خاندان کے نوعمربچے آشارام چودھری کا گزشتہ دنوں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس، جودھپور میں ایڈمشن ہوا تھا۔ بچے کے والد رنجیت چودھری دیواس ضلع کے وجے گنج منڈي میں پنی چنے والے مزدور ہیں۔اہل خانہ کے پاس ایمس کی فیس بھرنے کے پیسے نہیں تھے ۔ اس بارے میں ایک صارف(یوزر) نے ٹویٹ کے ذریعے مسٹر چوہان کو معلومات دی اوربچے کی مدد کرنے کی اپیل کی۔اس ٹویٹ پر رائے دیتے ہوئے مسٹر چوہان نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ ضلع کلکٹر سری کانت پانڈے کوبچے کو فوری طور مالی مدد مہیا کرانے کی ہدایات دی ہیں۔ وہ باصلاحیت طالب علموں کی اسکیم کے لئے بھی اہل ہے ، جس کے تحت حکومت اس کی فیس اداکریگی۔ چوہان نے کہا کہ اہل خانہ کو مختلف منصوبوں کے ذریعے پکا مکان، ٹوائلٹ اور بجلی کی دستیابی بھی کرائی جا رہی ہے ۔ کون کہتا ہے کہ سوشل میڈیا صرف نفرت پھیلاتا ہے ، یہ تو ایسے خاندانوں کی زندگی میں محبت اور خوشیاں بھی دے رہا ہے ۔ چوہان کااس معاملے میں مداخلت کرنے کے بعد دیواس کلکٹر سری کانت پانڈے نے آشارام چودھری کو فوری مدد کے طور پر 25 ہزار روپے کی رقم کا چیک پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آشارام کی میڈیکل کی تعلیم پر فیس کا خرچہ ریاستی حکومت برداشت کرے گی، وہیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے آشارام کے اہل خانہ کو مختلف اسکیموں کا فائدہ بھی ملے گا۔

TOPPOPULARRECENT