Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / سوماجی گوڑہ سے کانگریس ٹکٹ ‘ناگیندر اور وشنو وردھن میں ٹھن گئی

سوماجی گوڑہ سے کانگریس ٹکٹ ‘ناگیندر اور وشنو وردھن میں ٹھن گئی

ڈگ وجئے سنگھ کی مداخلت پر مسئلہ کی یکسوئی ‘ گاندھی بھون میں ایک کارکن کی خود سوزی کی کوشش
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بلدی ڈیویژن سوماجی گوڑہ کے لیے امیدوار کو بی فارم دینے کے مسئلہ پر کانگریس قائدین مسٹر ڈی ناگیندر اور وشنووردھن ریڈی میں ٹھن گئی ۔ ڈگ وجئے سنگھ کی مداخلت پر وشنووردھن ریڈی دعویٰ سے دستبردار ہوگئے ۔ بی فارم نہ دینے پر کانگریس کے ایک قائد نے گاندھی بھون میں جسم پر کیروسین چھڑک کر خود کشی کرنے کی کوشش کی اور ایک خاتون نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی لاپتہ ہونے کی نامپلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ۔ پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کے آخری دن کانگریس پارٹی میں کئی ڈرامائی مناظر دیکھنے میں آئے ۔ کانگریس کے سینئیر قائدین ایک طرف باغی امیدواروں کو پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کی ترغیب دے رہے تھے ۔ دوسری طرف پارٹی کے باغی امیدواروں نے مختلف انداز سے پارٹی قیادت پر احتجاج کرتے ہوئے اپنی ناراضگی جتائی ۔ سوماجی گوڑہ بلدی ڈیویژن پر امیدوار کے انتخاب کے لیے صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر اور سابق رکن اسمبلی مسٹر وشنووردھن ریڈی کے درمیان ٹھن گئی اور دونوں قائدین اس ڈیویژن سے اپنے اپنے امیدوار کو مقابلہ میں اتارنے کے لیے ضد پر اتر آئے ۔ پارٹی کے تمام سینئیر قائدین نے دونوں قائدین کو منانے کی کوشش کی ناکام ہونے پر مسئلہ کو ہائی کمان سے رجوع کردیا ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے دونوں قائدین سے مذاکرات کی بعد ازاں وشنو وردھن ریڈی اپنے دعویٰ سے دستبردار ہوگئے ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ڈگ وجئے سنگھ نے وشنووردھن ریڈی کو وعدہ کیا کہ ان کے ایک حامی کو کانگریس کے تنظیمی ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا ۔ کانگریس کے ایک سینئیر قائد کشور گوڑ نے ان کی دختر کو کرماگوڑہ بلدی ڈیویژن سے مقابلہ کرنے کے لیے بی فارم نہ دینے پر بطور احتجاج گاندھی بھون میں اپنے جسم پر کیروسین چھڑک کر خود کشی کرنے کی کوشش کی کانگریس قائدین نے انہیں بچالیا۔ ایک خاتون نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی گاندھی بھون نہ پہونچنے پر ان کے خلاف نامپلی پولیس اسٹیشن میں لاپتہ ہوجانے کی شکایت درج کرائی ۔ ساتھ ہی کانگریس کے کئی قائدین انہیں بی فارم نہ دینے پر گاندھی بھون میں اپنے حامیوں کے ساتھ احتجاج دھرنا منظم کیا ۔

TOPPOPULARRECENT