Wednesday , June 20 2018
Home / سومناتھ بھارتی معاملہ :عدالت نے رپورٹ طلب کی

سومناتھ بھارتی معاملہ :عدالت نے رپورٹ طلب کی

نئی دہلی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے آج پولیس کو ہدایت دی کہ وہ گذشتہ ہفتے دہلی کے وزیر قانون سومناتھ بھارتی کی جانب سے جنوبی دہلی کے ایک مقام پر نصف شب کو ہوئے دھاوے کے معاملہ پر رپورٹ پیش کرے ۔ ایک افریقی خاتون نے اس کیس میں ایف آئی آر درج کرنے عدالت سے استدعا کی ہے ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ چیتنا سنگھ نے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں۔ دیگر تین افریقی خواتین نے بھی ایسی ہی شکایت درج کروائی ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ڈی سی پی ساؤتھ کو 25 جنوری تک رپورٹ پیش کردینی چاہئے ۔ افریقی خاتون نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس کی شکایت پر علیحدہ ایف آئی آر درج کی جائے ۔

دہلی پولیس کی جانب سے اس معاملہ میں پہلے ہی نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی ہے ۔ اب تک تین بیرونی خواتین کی جانب سے ایک مجسٹریٹ کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروایا جاچکا ہے ۔ ان تینوں نے الزام عائد کیا کہ سومناتھ بھارتی جو مالویہ نگر کے رکن اسمبلی ہیں 15 – 16 جنوری کی درمیانی شب ان کے مکان میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھس آئے تھے ۔ اس خاتون نے اپنی تازہ ترین شکایت ‘ وکیل راکیش شیراوت کے ذریعہ پیش کی ہے اور کہا کہ ہجوم اس کے گھر میں گھس آیا تھا ‘ زبردستی اس کے ہاتھ پکڑے گئے اور اس کی بہنوں کے ساتھ اسے بھی گھر سے نکالدیا گیا ۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا کہ یہ ہجوم مسلسل ان پر طعنے کس رہا تھا ۔ شکایت کے بموجب ہجوم نے متاثرہ خاتون اور اس کی بہنوں کو وہ گھر چھوڑدینے کو کہا تھا ۔ شیراوت نے کہا کہ متاثرین کو میڈیا کے ذریعہ پتہ چلا یہ لوگ عام آدمی پارٹی کے کارکن تھے اور مقامی رکن اسمبلی ان کی قیادت کر رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT