Saturday , April 21 2018
Home / ہندوستان / سونامی سے نمٹنے مشرقی ساحل پر آج تمثیلی مشق

سونامی سے نمٹنے مشرقی ساحل پر آج تمثیلی مشق

نئی دہلی 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے آج کہاکہ 4 ریاستوں اور ایک مرکزی زیرانتظام علاقہ کے 31 اضلاع میں سونامی سے نمٹنے کے لئے زبردست تمثیلی مشق کی جائے گی جس میں بین الاقوامی شرکاء بھی حصہ لیں گے۔ یہ مشق بیک وقت مغربی بنگال، اڈیشہ، آندھراپردیش، ٹاملناڈو اور پوڈوچیری میں سارے مشرقی ساحل پر منعقد کی جائے گی۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ تباہی کا منظر مصنوعی سونامی لہروں کے ذریعہ پیدا کیا جائے گا، جو عام طور پر بڑی شدت کے زلزلہ کے سبب ہوا کرتی ہیں۔ انڈمان اور نکوبار جزائر کے قریب اِس عمل کے نتیجہ میں مشرقی ساحل کے پاس زبردست سونامی واقع ہوگی۔ وزارت داخلہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی اور انڈین نیشنل سنٹر فار اوشن انفارمیشن سرویسس کے ذریعہ سونامی کی صورت میں تیاری تمثیلی مشق کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لائے گی۔ 11 بحرالکاہلی جزیرہ اقوام کی طرف سے شرکاء بھی اِس سارے عمل میں حصہ لیں گے اور اپنے اپنے ملکوں میں اِس ضمن میں ضروری تیاری اور اقدامات کے لئے سبق حاصل کریں گے۔ اس طرح کی تباہ کن صورتحال سے نمٹنے اور ضروری اقدامات کرنے کے لئے بہترین ممکنہ طریقوں کو کھوجنا بھی اِس تمثیلی مشق کا بڑا مقصد ہے۔ یہ مشق مختلف سرگرمیوں میں سے ہے جن کی منصوبہ بندی 5 نومبر کو دوسرے عالمی سونامی بیداری یوم کے موقع پر کی گئی تھی۔ تمام اہم محکمہ جات جیسے آرمی، نیوی، ایرفورس، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، صحت، پولیس، تعلیم، فائر فائٹنگ، سیول ڈیفنس، ٹرانسپورٹ، برقی، تعلقات عامہ وغیرہ سے وابستہ عہدیداران نے ابھی تک منعقدہ تیاری اجلاسوں میں حصہ لیا ہے۔ سونامی نہایت تباہ کن آفت سماوی ہوتی ہے اور اس کے لئے بلا کی تیزی سے مداوا اور ضروری اقدامات درکار ہوتے ہیں کیونکہ جب یہ واقع ہوتی ہے تو سنبھلنے کا موقع صفر کے برابر ہوتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT