Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / سونیا اور اڈوانی کی نتیش کمار کی 20 نومبر کو حلف برداری میں شرکت متوقع

سونیا اور اڈوانی کی نتیش کمار کی 20 نومبر کو حلف برداری میں شرکت متوقع

نئی دہلی۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی اور سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی جنتا دل (یونائٹیڈ) کے قائد نتیش کمار کی بحیثیت چیف منسٹر بہار 20 نومبر کو تقریب حلف برداری میں جو پٹنہ میں مقرر ہے، شرکت کریں گے۔ عظیم سیکولر اتحاد کے ذرائع کے بموجب سابق وزرائے اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ پٹنہ کے قلب میں تاریخی گاندھی میدان میں تقریب حلف برداری مقرر ہے۔ غیرسرکاری ذرائع کے بموجب امکان ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت دی جائے گی تاہم اطلاع کی توثیق نہیں ہوئی۔ کئی غیربی جے پی چیف منسٹرس بھی مدعوئین کی فہرست میں شامل ہیں جن میں نمایاں نام چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے ہیں۔ یہ پانچویں مرتبہ ہے جبکہ نتیش کمار چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ پہلی بار انہوں نے 2000ء میں حلف لیا تھا۔ یہ حکومت صرف 7 دن برقرار رہی تھی۔ بعدازاں وہ نومبر 2005ء، 2010ء اور فبروری 2015ء میں دوبارہ برسراقتدار آئے۔ جتن رام مانجھی کی علیحدگی کے بعد وہ دوبارہ چیف منسٹر کی حیثیت سے پانچویں مرتبہ حلف لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT