Wednesday , December 12 2018

سونیا گاندھی کانگریسیوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی: رینوکا

نئی دہلی 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدارت سے سبکدوش ہونے والی سونیا گاندھی کی عوامی زندگی سے کنارہ کشی کی قیاس آرائیوں کے درمیان ان کی پارٹی کی ایک سینئر لیڈر رینوکا چودھری نے کہاکہ سونیا گاندھی کی سیاست سے سبکدوشی کو کانگریس کے ارکان کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔ پارلیمنٹ کامپلکس میں سونیا گاندھی سے اخباری نمائندوں کے اس سوال پر کہ ان کے فرزند راہول کے کانگریس کی صدارت پر فائز ہوجانے کے بعد ان کا رول کیا رہے گا؟ سونیا گاندھی نے جواب دیا ’’میرا رول سبکدوشی رہے گا‘‘۔ سونیا گاندھی کے اس ریمارک پر تبصرہ کرتے ہوئے رینوکا چودھری نے کہاکہ وہ یہ سمجھنا پسند کریں گی کہ ان کی رہنما اس بڑی اور قدیم جماعت کی ہمیشہ صحیح سمت میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’وہ ایسا کہہ سکتی ہیں۔ یہ اُن کی شخصیت اور فطرت کا حصہ ہے اُنھوں نے کبھی بھی اقتدار یا عہدہ کی خواہش نہیں کی۔ وہ صرف وہی کہتی ہیں جو صحیح سمجھتی ہیں اور اپنے موقف پر قائم رہتی ہیں۔ ان کے عزم و عہد پر کوئی شک و شبہ نہیں ہے‘‘۔ رینوکا نے کہاکہ ’’ہم میں سے وہ جو ہمیشہ ان (سونیا گاندھی) کے ساتھ ہیں ان کے لئے یہ ممکن نہیں کہ آسانی کے ساتھ اس کو قبول کرلیں۔ ایسے نظریات جن کی وہ ہمیشہ پابند رہی ہیں ہمارے لئے ہمیشہ ہی کارآمد رہیں گے اور بحیثیت ورکرس اپنی پارٹی کو مستحکم کرنے کا عہد بدستور برقرار رہے گا‘‘۔ تاہم کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے عوامی زندگی سے سونیا گاندھی کی سبکدوشی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ سرجے والا نے کہاکہ ’’سونیا گاندھی سیاست سے نہیں بلکہ صرف کانگریس کی قیادت سے سبکدوش ہورہی ہیں۔ کانگریس نظریہ کے لئے ان (سونیا گاندھی) کا عزم و دانشمندی ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔

TOPPOPULARRECENT