سونے کی درآمدات پر پابندی برقرار : نرملا سیتا رامن

وجئے واڑہ /7 نومبر ( پی ٹی آئی ) مرکز وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رامن نے کہاکہ حکومت سونے کی درآمدات پر عائد شدہ پابندی میں نرمی پیدا کرنے کا فیصلہ اس مسئلہ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی کرے گی ۔ نرملا سیتا رامن نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سونے کی بھاری درآمدات کا تجارتی توازن پر بہت گہرا اثر ہوتا ہے علاوہ ازیں ادائیات کا توازن بھی اثرانداز ہوتا ہے ۔ چند تجارتی حلقے برآمدات پر امتناع کے حامی ہے تو دوسرے ان پابندیوں کے مخالف ہیں ۔ بہرحال سونے کی درآمدات پر عائد شدہ پابندیوں میں نرمی پیدا کرنے کے کسی بھی فیصلے کے قبل اس مسئلہ کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا جائے گا ۔ حکومت نے 2013 کے دوران سونے کی درآمدات پر پابندی عائد کی تھی اور فی دس گرام سونے کی درآمد پر دو فیصد محصول عائد کیا تھا ۔ علاوہ ازیں رواں کھاتے کے خسارے پر کنٹرول کیلئے 80:20 اسکیم نافذ کی تھی ۔ اس کے باوجود ستمبر 2014 کے دوران سونے کی درآمدات کئی گنا اضافہ کے ساتھ 3.75 بلین امریکی ڈالر تک پہونچ گئی تھیں جو ستمبر 2013 میں صرف 682.5 ملین امریکی ڈالر تھی ۔ جس کے نتیجہ میں مجموعہ تجارتی خسارہ 14.2 بلین امریکی ڈالر تک پہونچ گیا تھا جو گذشتہ 18 ماہ کے دوران سب سے زیادہ تھا ۔

TOPPOPULARRECENT