Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / سونے کی فروخت میں زبردست اضافہ کے بعد نمایاں کمی

سونے کی فروخت میں زبردست اضافہ کے بعد نمایاں کمی

ملک کے صرافہ بازار میں 9 نومبر کے بعد خرید و فروخت سست روی کا شکار
حیدرآباد۔15نومبر(سیاست نیوز) کرنسی کی تنسیخ نے سونے کی تجارت کو تیزی سے پروان چڑھا دیا ہے لیکن اس کے اثرات کیا ہوں گے اس کا اندازہ لگایا جانا مشکل ہے۔ وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے 8نومبر کی شب رات 12بجے سے بڑے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کے اعلان کے فوری بعد سونے کی فروخت میں کئی گنا اچھال دیکھا گیا لیکن 9نومبر کے بعد فروخت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے کیونکہ کوئی خریدار نہیں ہے۔ 8نومبر کو وزیر اعظم کے اعلان کے دن صرف ممبئی شہر میں 16کروڑ کے سونے کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو کہ گذشتہ یوم یعنی 7نومبر کو69لاکھ کی تھی اس اعتبار سے دوسرے دن فروخت میں 23گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ممبئی کے علاوہ پونے ‘ ناسک‘ گوا میں بھی اس اعلان کے بعد سونے کی فروخت 36کروڑ تک پہنچ گئی جبکہ گذشتہ یوم صرف 6کروڑ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 9نومبر کے بعد سے سونے کی فروخت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ملک میں شادی بیاہ کے موسم کے آغاز کے پیش نظر سونے چاندی کے تاجرین مستقبل قریب میں فروخت میں اضافہ کے متعلق مثبت سونچ کے ساتھ تیاریا ں کر رہے تھے لیکن حکومت کے اس فیصلہ کے بعد فوری سونے کی قیمت میں بھاری اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور بعض شہروں میں یہ اضافہ 67فیصد تک پہنچ گیا لیکن اس کے دوسرے دن سے ہی حالات میں تبدیلی آنی شروع ہو گئی جس کے سبب بازار کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔مسٹر پرتھوی راج کوٹھاری ڈائیریکٹر ردھی سدھی بلینس لمیٹیڈ کے بموجب عوام میں اس بات کا خوف ہے کہ آئندہ نہ جانے حکومت مزید کیا فیصلہ کرے گی ؟انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں خریدار اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ کہیں حکومت مزید کوئی سخت فیصلہ نہ کرے اسی لئے سونے کی خریداری پر گذشتہ ہفتہ کے دوران کافی اثر دیکھا گیا ہے اور اس منفی اثر کے فوری ختم نہ ہونے کے کوئی اثرات نظر نہیں آرہے ہیں اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی پیش قیاسی کی جا سکتی ہے۔ممبئی کے علاوہ کولکتہ‘ دہلی‘ سورت کے علاوہ ملک کے دیگر بازارو ں میں بھی سونے کی خریداری میں آئی سست روی سے حالات میں مزید خرابی پیدا ہونے کے خدشات ظاہر کئے جانے لگے ہیں کیونکہ ملک کے کئی بازاروں کا انحصار سونے کی تجارت خرید و فروخت پر ہوتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT