سوپر لیگ ٹوئنٹی 20 کا فبروری میں انعقاد کا اعلان

کراچی ۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آئندہ برس فبروری میں متحدہ عرب امارات میں ٹوئنٹی 20کرکٹ کی لیگ منعقد کروانے کا اعلان کیا ہے۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا انتخاب اس لئے کیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ بیرونیکھلاڑی اس ٹورنمنٹ کی طرف متوجہ ہوں اور اس ٹورنمنٹ کیلئے فروری کے مہینے کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس لیگ کے تمام انتظامات پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے پہلے بھی ٹوئنٹی 20 لیگ منعقد کروانے کی کوشش کر چکا ہے اور 2013 میں کرکٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ کا منصوبہ بنا کر ملتوی کر دیا تھا۔اس التوا کی وجہ سرمایہ کاروں اور مشتہرین کی جانب سے بولی لگانے کیلئے کم وقت اور کھلاڑیوں کی جانب سے ٹورنمنٹ کی مجوزہ تاریخوں میں دیگر مقابلوں میں مصروفیت بتائی گئی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہی زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی چھ برس بعد بحالی ہوئی ہے۔2009 میں سری لنکا ئی ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان اپنی گھریلو سیریز ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT