Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / سوپر لیگ : پاکستان کی ایک بار پھر یو اے ای پر نظریں

سوپر لیگ : پاکستان کی ایک بار پھر یو اے ای پر نظریں

کراچی ، 13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) قطر میں ناکافی سہولتوں کے سبب پاکستان ایک بار پھر سوپر لیگ کیلئے یو اے ای (متحدہ عرب امارات) کی جانب دیکھنے لگا ہے۔ کسی ایک مقام کو ماسٹرز لیگ کیلئے مختص نہ کرنے کی درخواست کا سوچا جا رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ برس ٹوئنٹی 20 لیگ کرانے کیلئے دن رات ایک کررکھے ہیں مگر مشکلات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ اسے سابق کرکٹرز کی ماسٹرز لیگ کی وجہ سے یو اے ای میں تین مقامات حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ اسی لئے قطر سے رابطہ کیا گیا مگر وہاں سہولتوں کی کمی ہے۔ بورڈ نے قطر کرکٹ اسوسی ایشن کو خط لکھ کر میڈیا سنٹر کی تعمیر اور پویلینس کو کشادہ کرنے کی بات کی مگر وہ اپنی جانب سے رقم خرچ کرنے کے موڈ میں دکھائی نہیں دیتے۔ کئی دیگر وجوہات کی بنا پر بھی پی سی بی حکام قطر میں ایونٹ کا انعقاد نہیں چاہتے، اسی لئے ایک بار پھر یو اے ای کرکٹ حکام سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ ان سے کہا گیا کہ لیگ کیلئے دبئی اسپورٹس سٹی ہی دی جائے۔ماسٹرز لیگ کا انعقاد تو شارجہ اور ابوظہبی میں بھی ہو سکتا ہے۔ پاکستان نے اعلیٰ سطح پر بھی کوششیں شروع کردی ہیں۔ اماراتی حکام نے مشورہ دیا کہ پی سی بی ازخود ماسٹرز لیگ کے منتظمین سے درخواست کرے، مگر ذرائع نے بتایاکہ ماضی میں اس قسم کی کوششوں کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔مالی خسارے کے اندیشے سے ماسٹرز ایونٹ کے منتظمین کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے، ان کے نزدیک دبئی اہم ترین مقام ہے، وہاں میچز نہ کرانا درست نہیں ہو گا۔ حالیہ اقدامات کے باوجود بھی اگر بات نہ بنی تو پاکستان کو مجبوراً ایونٹ کا انعقاد دوحہ، قطر میں ہی کرنا ہو گا۔

TOPPOPULARRECENT