سوچھ بھارت پروگرام میں حیدرآباد ملک بھر میں سر فہرست

وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا ادعا ۔ شہر کو سلم سے پاک بنانے کیلئے بھی اقدامات کا اعلان
حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے سوچھ بھارت پروگرام میں حیدرآباد مرکزی حکومت اور ملک کے دوسرے شہروں میں سرفہرست ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے سلم سے پاک سٹی میں بھی شہر کی عالمی شناخت بنانے کا اعلان کیا۔ آج جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس پر مکانات کے ملبہ کی منتقلی کیلئے نئی گاڑیوں کو جھنڈی لہراکر روانہ کیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے شہر میں سوچھ اسکولس، ہاسپٹلس، ہوٹلس، مارکٹس میں سوچھ ایوارڈس تقسیم کئے۔ بعدازاں خطاب میں وزیر بلدی نظم و نسق نے کہاکہ حیدرآباد کو سلم فری سٹی میں تبدیل کرنے حکومت سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ناگول تا جیڈی میٹلہ مکانات کا ملبہ منتقل کرنے 20 گاڑیوں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ خشک اور تر کچرے کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کیا گیا۔ 44 لاکھ ڈسٹ بن مفت تقسیم کئے گئے۔ انھوں نے کہاکہ سوچھ ہمیشہ جاری رہنے والا پروگرام ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ جواہر نگر میں 20 میگاواٹ ویسٹ پاور انرجی پلانٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ڈمپنگ یارڈ کیلئے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ نظم و نسق میں عوام کو حصہ دار بنانے 16 ڈسمبر سے ’’اپنا شہر‘‘ پروگرام کا قطب اللہ پور سے آغاز کیا جارہا ہے۔ شہر حیدرآباد میں عوام کو 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ پینے کا پانی سربراہ کرنے میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہاکہ میٹرو پراجکٹ توقع سے زیادہ کامیاب ہوا ہے۔ عوام نے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ روزانہ 15 لاکھ عوام میٹرو ریل سے سفر کریں ایسا ٹرانسپورٹ نظام تیار کرنے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کو ملک کے دوسرے شہروں میں تیزی سے ترقی کرنے والے شہر کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے لئے سڑکوں کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد بی رام موہن، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے عوامی منتخب نمائندے اور عہدیدار موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT