Monday , November 20 2017
Home / ہندوستان / سپاہیوں کے بارے میں بی جے پی لیڈر کا متنازعہ ریمارک

سپاہیوں کے بارے میں بی جے پی لیڈر کا متنازعہ ریمارک

ویڈیو کلپ تیزی سے پھیل گیا ، مہاراشٹرا بلدی انتخابات کیلئے آج رائے دہی
ممبئی ۔ /19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بی جے پی تائید کے حامل ایم ایل سی پرشانت پریچارک نے آج انتخابی ریالی میں سپاہیوں کے تعلق سے متنازعہ ریمارکس کے ذریعہ سیاسی تنازعہ کھڑا کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سپاہی کو ٹیلیگرام پیام موصول ہوتا ہے کہ اس کی بیوی نے لڑکے کو جنم دیا ۔ وہ اپنے ساتھیوں میں مٹھائی تقسیم کرتا اور سرحد پر جشن کا ماحول دکھائی دیتا ہے ۔ اس کے ساتھی وجہ پوچھتے ہیں تو وہ خوشی خوشی بتاتا ہے کہ اس کی بیوی نے ایک لڑکے کو جنم دیا۔ حالانکہ ایک سال سے وہ اپنے گھر نہیں گیا ۔ پریچارک نے کہا کہ آج سیاست بھی اسی سطح پر پہونچ گئی ہے جسے روکنا ہوگا ۔ انہوں نے یہ ریمارکس دراصل این سی پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کئے جو شولا پور میں پانی کی سربراہی کا سہرا اپنے سر لے رہے ہیں ۔ یہ ویڈیو کلپ تیزی سے پھیل گیا اور ان پر تنقیدیں شروع ہوگیئں ۔ این سی پی کے دھننجے منڈے نے کہا کہ اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ فوجی جوانوں اور ان کی بیویوں کے بارے میں بی جے پی کی کیا ذہنیت ہے ۔ پریچارک نے بعد ازاں ان ریمارکس پر معذرت خواہی کی ۔ اس دوران مہاراشٹرا میں ممبئی اور دیگر 9 شہروں کیلئے بلدی انتخابات کی مہم آج رات اختتام کو پہونچی ۔ بی جے پی اور شیوسینا کے مابین اختلافات اس مہم کی خصوصیت تھے اور اسے منی اسمبلی انتخابات تصور کیا جارہا ہے ۔ کل 10سٹی کارپوریشنس کے علاوہ 11 ضلع پریشد کیلئے رائے دہی ہوگی ۔ بی جے پی اور شیوسینا تقریباً دو دہوں بعد پہلی مرتبہ علحدہ انتخابی مقابلہ کررہی ہیں ۔ این سی پی ، کانگریس اور ایم این ایس بھی اس دوڑ میں شامل ہے ۔

TOPPOPULARRECENT