Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / سپریم کورٹ میں وقف بورڈ کی درخواست مسترد

سپریم کورٹ میں وقف بورڈ کی درخواست مسترد

متولی درگاہ یوسفینؒ معاملہ کو ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔9۔جنوری (سیاست نیوز) سپریم کورٹ میں آج تلنگانہ وقف بورڈ کو اس وقت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب درگاہ یوسفین نامپلی کے متولی کے تقرر سے متعلق ہائی کورٹ کے احکامات کے خلاف عدالت نے کوئی راحت دینے سے انکار کردیا۔ متولی کے تقرر کے بارے میں ہائی کورٹ کے احکامات کو وقف بورڈ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور خصوصی درخواست مرافعہ داخل کی گئی تھی۔ آج درخواست کی سماعت کے مرحلہ میں سپریم کورٹ نے وقف بورڈ کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے ایس ایل پی کو خارج کردیا اور وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ اس معاملہ نے وقف ٹریبونل سے رجوع ہوں جہاں پہلے ہی متولی کا معاملہ زیر دوران ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اس معاملہ کو ٹریبونل سے رجوع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے گزشتہ ماہ شبیر محمد الحسینی کو متولی مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے تھے۔ عدالت نے کہا تھا کہ اس معاملہ میں ٹریبونل میں جاری مقدمہ کی یکسوئی تک عارضی متولی کے طور پر تقرر کیا جائے۔ وقف بورڈ کے اجلاس میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سپریم کورٹ کے وکیل اعجاز مقبول کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اب جبکہ سپریم کورٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، لہذا بورڈ دوبارہ ٹریبونل سے رجوع ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔ اسی دوران سابق متولی نے ہائیکورٹ کے احکام پر عمل نہ کئے جانے پر بورڈ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درگاہ یوسفینؒ کے متولی کی حیثیت سے دو دعویداروں کا معاملہ عدالتی کشاکش کا شکار ہے۔ متولی کی عدم موجودگی کے سبب درگاہ میں زائرین کے لئے انتظامات متاثر ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT