Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / سچن، راہول کی صف میں شامل ہونا بڑا اعزاز :اشوین

سچن، راہول کی صف میں شامل ہونا بڑا اعزاز :اشوین

نئی دہلی، 23دسمبر (یو این آئی) آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر اور ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر 2016ء ایوارڈ کیلئے منتخب کئے گئے ہندستانی آف اسپنر روی چندرن اشوین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کیلئے سچن تنڈولکر اور راہول ڈراویڈ جیسے بڑے کھلاڑیوں کی صف میں آنا ایک بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے ۔ آئی سی سی کی ٹسٹ رینکنگ میں نمبر ایک بولر اور نمبر ایک آل راؤنڈر اشوین نے سر گارفیلڈ سوبرس ٹرافی کیلئے منتخب ہونے پر کہا کہ میرے لیے یہ ایوارڈ حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ میرے لئے یہ احساس خاص ہے کہ میں سچن اور ڈراویڈ جیسے بڑے کھلاڑیوں کی طرح آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر بنا ہوں۔اس کے علاوہ ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر بننا اور بھی خاص کامیابی ہے ۔ اشوین سال کے بہترین کرکٹر بننے والے تیسرے ہندستانی کھلاڑی ہیں۔اشوین سے پہلے یہ اعزاز سابق کپتان ڈراویڈ (2004)اور تنڈولکر (2010)کو حاصل ہوا تھا۔وہ بہترین ٹسٹ کرکٹر بھی منتخب کئے گئے ہیں اور اسی کے ساتھ دراوڑ کے بعد محض دوسرے ہندوستانی کرکٹر بن گئے ہیں جنہیں ایک ہی سال میں عالمی ادارے نے دونوں ایوارڈز کے لئے چنا ہے ۔ سال 2004ء میں سابق کپتان ڈراویڈ کو آئی سی سی نے سال کے بہترین کرکٹر اور بہترین ٹسٹ کرکٹر کے طور پر منتخب کیا تھا۔ ہندستانی کرکٹر نے کہا کہ اس کامیابی کے لیے میں بہت سے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میرے لئے گزشتہ چند سال اہم رہے ہیں لیکن یہ سال بھی زیادہ خاص ہو گیا ہے۔  میں نے اس سال جس طرح بولنگ اور بیٹنگ کی وہ میرے لئے کھیل کے سب سے قابل ذکر کارنامہ رہا ہے ۔ لیکن اس کامیابی کے پیچھے بہت سارے لوگوں کی محنت ہے ۔ اشوین نے کہا کہ میں اپنے خاندان کو یہ ٹرافی وقف کرنا چاہتا ہوں۔ساتھ ہی آئی سی سی اور ٹیم کے ساتھیوں کو اس کامیابی کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔میرے سپورٹ اسٹاف نے بھی بہت مدد کی ہے۔ ایم ایس دھونی کے ٹسٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم میں کئی تبدیلی آئیں ۔ ایک نوجوان کھلاڑی نے کپتانی سنبھالی اور صحیح سمت میں ٹیم کو آگے بڑھایا۔اس کے علاوہ ٹیم میں اب کئی نئے کھلاڑی بھی ہیں۔ اس درمیان آئی سی سی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیو رچرڈسن نے اشوین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اشوین کیلئے یہ سال یادگار رہا ہے اور انہوں نے میچوں میں بہترین مظاہرہ کیا ہے ۔وہ اس دور کے بہترین اسپنروں میں شمار کئے جانے کے لائق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر اور ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر دونوں ایوارڈز کیلئے منتخب کیا جانا بڑی کامیابی ہے۔ اشوین کا مظاہرہ خود ہی یہ بیان کرتا ہے کہ وہ اس کے مستحق ہیں۔میں انہیں آئی سی سی کی جانب سے مبارکباد دیتا ہوں۔

TOPPOPULARRECENT