Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / سچن کا امریکہ میں کرکٹ کو متعارف کرنے کا منصوبہ کامیاب

سچن کا امریکہ میں کرکٹ کو متعارف کرنے کا منصوبہ کامیاب

بیس بال اسٹیڈیم میں جشن کا منظر ، کرکٹ شائقین کا جوش و خروش
ہوسٹن ۔ 13 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں کرکٹ کو متعارف کرنے سچن تنڈولکر اور شین وارن کا عظیم منصوبہ ، تیزی کے ساتھ مقبول ہورہا ہے اور اس کھیل سے عوام کی دلچسپی میں زبردست اضافہ ہورہا ہے جو اس کھیل کو بھی بیس بال جیسا محسوس کرنے لگے ہیں۔ دیوالی کی رات ، بے تحاشہ ٹریفک اور بارش کے باوجود بیس بال اسٹیڈیم میں 26,000 کرکٹ شائقین نے دوسرے آل اسٹارس میچ کا مشاہدہ کیا۔ شائقین میں نہ صرف ہوسٹن بلکہ ٹیکساس کے علاوہ کئی دوسرے شہروں شکاگو ، آرکنساس ، اوکلاہوما اور کولوراڈو سے تعلق رکھنے والوں کی کثیرتعداد بھی شامل تھی ۔ ہوسٹن بیس بال ٹیم آسٹروس کے میدان منٹ میڈ پارک پر واقع اس وسیع و عریض اسٹیڈیم پر شائقین کی کثیرتعداد پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی جہاں پرچم تھامے ناظرین آدھی رات کے بعد بھی ناچتے گاتے ، سچن ، سچن کے نعرے لگاتے دیکھے گئے ۔ تنڈولکر کے ایک پرجوش مداح انیل نے کہاکہ ’’اگر آج دیوالی نہ ہوتی اور منتظمین کسی تعطیل کو یہ کھیل منعقد کرتے تو شرکاء کی تعداد دوگنی ہوتی کیونکہ ہوسٹن میں 100,000 ہندوستانی نژاد امریکی رہتے ہیں‘‘۔ انیل نے مزید کہا کہ ’’اس دلچسپ و حیرت انگیز کھیل کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ اُمید ہے کہ کرکٹ آل اسٹارس سالانہ ایونٹ بن جائے گا ۔ یہ ایک بے مثال دیوالی تھی ‘‘۔ اس کھیل کیلئے خصوصی طورپر 60,000 پاؤنڈ کی 74 فٹ طویل پچ بنائی گئی تھی اور بڑے ٹرک کے ذریعہ انڈیانا پولس سے یہاں پہونچایا گیا تھا ۔

وارن اور تنڈولکر نے فیلڈ کی تیاری اور انتظامات پر بے پناہ خوشی کااظہار کیا ۔ بیس بال اسٹیڈیم پر تنڈولکر ہی ہندوستانی ہجوم کے پسندیدہ کھلاری رہے ۔ لیکن وارن وارئیرس نے اپنا پرانا جادو دکھاتے ہوئے پانچ وکٹ کے نقصان سے 262 رنز بناکر 57 رنز سے میچ جیت لیا ۔ میچ کے کامیاب انعقاد پر خوش ایک مداح نے کہاکہ ’’سچن ، لارا ، سہواگ، سنگاکارا ، والش ، وارن ، پونٹنگ ، گنگولی ، کیلس ، شعیب اختر ، وسیم اکرم ، رھوڈس وغیرہ جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کے ساتھ موجودگی پر میں ایک اعزاز محسوس کرتا ہوں ۔ مجھے پرانے اچھے دن یاد آگئے‘‘۔ سچن تنڈولکر نے کہاکہ ’’کرکٹ آل اسٹارس کا سارا نظریہ ہی یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ممالک تک اس کھیل کو روشناس کیا جائے اور مداحوں کو لطف اندوز کیا جائے ، یہ تجربہ انتہائی کامیاب و حوصلہ افزاء رہا ‘‘ ۔ میچ کے بعد وارن نے بھی کہا کہ وہ سمجھتے ہیں شاندار انعقاد عمل میں آیا ۔ ماحول کافی حوصلہ افزاء تھا ۔ وارن نے کہاکہ ’’آج کے تجربہ سے آپ کس طرح لطف اندوز نہیں ہوسکتے تھے کیونکہ غیرمعمولی جوش و خروش تھا ۔ ہوٹل ، غذا ، موسیقی (مداحوں کا )ہجوم اور ساری فضاء سب کچھ بہت اچھا تھا‘‘۔ تنڈولکر نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ اس سیریز کو سالانہ ایونٹ بنایا جائے گا ۔ وہ امریکہ کے ہر گھر میں کرکٹ لانا چاہتے ہیں ۔شین وارن نے کہاکہ چند افراد کو اندیشہ تھا کہ سبکدوش کرکٹرس کس طرح کھیل کا مظاہرہ کریں گے ، ہم نے اس بات کو ہوا میں نہیں اڑایا اور بھرپور مسابقت کے ساتھ کھیلا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT