Monday , June 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / سچن کے فرزند ارجن تنڈولکر کا شاندار مظاہرہ

سچن کے فرزند ارجن تنڈولکر کا شاندار مظاہرہ

ممبئی 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے فرزند ارجن تنڈولکر بھی اِن دنوں اپنے زبردست مظاہرے کی بدولت شہ سرخیوں میں چھائے ہوئے ہیں۔ سچن تنڈولکر جہاں اپنی بیاٹنگ سے شائقین کا دل جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے تو وہیں اُن کے فرزند ارجن کی قابلیت بولنگ ہے جس کے ذریعہ وہ شائقین کا دل جیتنے میں مصروف ہیں۔ اِس وقت ارجن تنڈولکر ممبئی کی طرف سے کھیلتے ہوئے کوچ بہار ٹرافی میں شاندار مظاہرہ کررہے ہیں۔ حال ہی میں آسام اور ممبئی کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں ارجن تنڈولکر نے ممبئی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے آسام کو بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا۔ تاہم آسام کی پوری ٹیم سداک سنگھ کی بولنگ کا توڑ نہیں نکال پائی اور محض 94 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ جبکہ ممبئی کی طرف سے پہلی اننگز میں سداک سنگھ نے 5 وکٹ اپنے نام کیا۔ سورو سہانا نے آسام کی جانب سے نصف سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی لیکن اُن کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کریز پر زیادہ دیر تک نہیں ٹک پائے۔ اِس کے بعد ممبئی نے آسام کے 94 رنوں کے جواب میں 357 رنز بنادیئے۔ ممبئی کیلئے ورون لوانڈے نے سب سے زیادہ 118 رنز بنائے۔ وہیں میچ بچانے کے لئے آسام کی ٹیم دوسری باری میں بھی بیک فُٹ پر نظر آئی۔ ممبئی کی جانب سے اِس بار ارجن تنڈولکر نے آسام کے بیٹسمنوں کو پریشان کرتے ہوئے 15 اوورس میں 44 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کئے اور اپنی ٹیم کو 154 رنز سے کامیابی دلائی۔

TOPPOPULARRECENT