Wednesday , August 15 2018
Home / شہر کی خبریں / سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 18,000کروڑ روپئے کی منظوری

سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 18,000کروڑ روپئے کی منظوری

کابینی سب کمیٹی کے اجلاس میں سڑک حادثات کی روک تھام کا جائزہ ‘ آئندہ ماہ روڈ سیفٹی ویک

حیدرآباد۔11ڈسمبر ( سیاست نیوز) کابینی سب کمیٹی نے روڈ سیفٹی اور انسداد حادثات کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف محکمہ جات میں تال میل پیدا کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء کے ٹی آر ‘جے کرشنا راؤ ‘ پی مہیندر ریڈی ‘ اندرا کرن ریڈی کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ سڑک حادثات اور عوام کی قیمتی زندگیاں ضائع ہوجانے سے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر فکر مند ہے ۔ انہوں نے نئے سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ سڑکوں کی مرمت اور توسیع کیلئے 18,000کروڑ روپئے خرچ کرنے کی منظوری دی ہے ۔ شہر و دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات سے جہاں عوام کو سہولتیں فراہم ہوں گی وہیں معاشی نظام بھی مستحکم ہوگا اور سڑک حادثات پر بھی بڑے پیمانہ پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ وزراء سب کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اُمورکا جائزہ لیا گیا اور سڑک حادثات کو روکنے کیلئے وزراء نے بھی تجاویز پیش کئے ۔ 2014ء میں 49,67,534 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ 95کروڑ روپئے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ 20,078 حادثات ہوئے 6096 افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ 2015ء میں 56,28,137 گاڑیوںکے خلاف مقدمات درج کئے گئے ‘101 کروڑ روپئے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ 21, 252حادثات پیش آئے ‘ 7110 افراد کی موت واقع ہوئی ۔ 2016میں 71,07,173 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے 124 کروڑ روپئے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ 22811 حادثات پیش آئے اور 7219 افراد ہلاک ہوئے ۔ وزیر عمارت و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ حکومت کی چوکسی ‘ محکمہ عمارت و شوارع ‘ محکمہ ٹرانسپورٹ ‘ محکمہ پولیس نے ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک سے کام کیا جس سے 2017میں حادثات اور اموات کی تعداد بڑی حد تک گھٹ گئی ۔ انسداد ڈرنک اینڈ ڈرائیو اور روڈ سیفٹی کے معاملہ میں سارے ملک میں ریاست تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتہ میں روڈ سیفٹی ویک کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ سڑک حادثات کو کنٹرول کرنے کیلئے ماہرین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد جامع رپورٹ تیار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ایک اندازہ کے مطابق سڑک حادثات میں 7ہزار افراد ہلاک ہورہے ہیں جس پر حکومت کو تشویش ہے ۔ شرح حادثات کو صفر تک گھٹا دینے کیلئے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے ۔ وزیر عمارات و شوارع نے کہا کہ روڈ سیفٹی اتھاریٹی ‘ روڈ سیفٹی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ سڑکوں کی سیفٹی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT