Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / سڑکوں کی حالت بہتر بنانے نئی حکمت عملی

سڑکوں کی حالت بہتر بنانے نئی حکمت عملی

خانگی کمپنیوں کو ذمہ داری تفویض کرنے جی ایچ ایم سی کی تجویز

خانگی کمپنیوں کو ذمہ داری تفویض کرنے جی ایچ ایم سی کی تجویز
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک بنانے کے لیے نئے منصوبہ پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے اس منصوبہ کے مطابق بلدیہ اب عصری ٹکنیک کے ذریعہ گڑھوں کو بند کرنے والے آلات اور ٹرکس رکھنے والی خانگی کمپنیوں کو یہ ذمہ داری تفویض کرے گی ۔ بلدیہ کے 5 زونس میں موجود کم از کم 1250 کیلو میٹر کی سڑکوں کی ذمہ داری خانگی اداروں کو تفویض کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت ہر زون میں 250 کیلو میٹر کی سڑکوں پر موجود گڑھوں کو پر کرتے ہوئے سڑکوں کو عصری طریقہ سے بہتر بنانے کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی ۔ اس خصوص میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد صرف ان ہی تعمیراتی کمپنیوں و خانگی اداروں کو ترجیح دے گی جو کہ سڑکوں پر پڑنے والی دراڑوں اور گڑھوں کو عصری مشینوں کے ذریعہ پر کرنے کا تجربہ رکھتے ہوں اور ان کے پاس اپنے مشین موجود ہوں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ اس عمل کے لیے عصری آٹو میٹک مشینوں و آلات پر انحصار کرنے والی کمپنیوں کے تعاون سے شہر کی سڑکوں کو عالمی معیار کی سڑکوں میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کے تحت اقدامات کررہی ہے تاکہ سڑکوں کی حالت طویل عرصہ تک بہتر رہ سکے چونکہ عموما سڑکوں کی حالت کی ابتری کی بنیادی وجہ ناقص تعمیری اشیاء کا استعمال ہوتا ہے اور بلدی عہدیداروں کا ماننا ہے کہ عصری طریقہ کار اختیار کئے جانے کے بعد ناقص تعمیری اشیاء کے استعمال پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں بلدیہ کی جانب سے ان ہی خانگی کمپنیوں کو یہ ذمہ داریاں حوالے کی جائے گی جن خانگی کمپنیوں کے پاس ری سائیکلنگ ، ہاٹ مکس اور کولڈ مکس کے علاوہ دیگر عصری مشنری اور لیبر و آلات موجود ہوں ۔ ان کمپنیوں کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ انہیں حوالہ کردہ سڑکوں پر گڑھوں کو بند کرنے کے علاوہ ان سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے ان کی مرمت وغیرہ کے عمل کی نگہداشت کریں تاکہ سڑکوں کے معیار کو نہ صرف بہتر بنایا جاسکے بلکہ معیار کی برقراری پر بھی توجہ برقرار رکھی جائے ۔۔

TOPPOPULARRECENT