Wednesday , November 22 2017
Home / جرائم و حادثات / سڑک حادثات میں سات افراد بشمول دو خواتین ہلاک

سڑک حادثات میں سات افراد بشمول دو خواتین ہلاک

حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد و سائبر آباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئیں ۔ مائیلادیوپلی پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 30 سالہ محمد خالد فوت ہوگیا ۔ خالد جو پیشہ سے بزنس مین بتایا گیا ہے ۔ پرانے شہر کے علاقہ قاضی بنڈہ کا ساکن ہے ۔ یہ شخص اپنی موٹر سیکل پر اپنے مکان واپس ہورہا تھا کہ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 32 سالہ شیخ اقبال جو پیشہ سے تاجر کوکٹ پلی علاقہ میں رہتا تھا ۔ 10 جولائی کو یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زر میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 32 سالہ خاتون غوثیہ سلطان جو بورا بنڈہ علاقہ کے ساکن اللہ بخش کی بیوی شوہر کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی ۔ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جہاں علاج کے دوران یہ خاتون فوت ہوگئی ۔ ادی بٹلہ پولیس کے مطابق 52 سالہ جنتا ناتھ پٹیل جو پیشہ سے خانگی ملازم موسیٰ رام باغ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل شام یہ شخص بس اسٹاپ کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 40 سالہ خاتون سگتا جو مہیشورم علاقہ کے ساکن رامیش کی بیوی کل اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی ۔ یہ لوگ آر سی آئی روڈ سے بلاپورم کی جانب جارہے تھے کہ ایک لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ سلطان بازار پولیس کے مطابق 35 سالہ اشیش کمار شرما جو بہادر پورہ علاقہ کا ساکن کوٹھی بس اسٹاپ پر بس کے انتظار میں تھا اور بس میں سفر کرنے کی کوشش کے دوران بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 43 سالہ بابو جو پیشہ سے خانگی ملازم ونستھلی پورم علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سیکل حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اور شدید زخمی حالت میں بابو فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT