Sunday , January 21 2018
Home / جرائم و حادثات / سڑک حادثات میں چار افراد بشمول خاتون ہلاک

سڑک حادثات میں چار افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 40 سالہ نریندر راو جو پیشہ سے خانگی الیکٹریشن بھولک پور علاقہ کا ساکن تھا کل رات عطاپور کے علاقہ میں پلر نمبر 116 کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 35 سالہ خاتون اے وجیہ جو بنجارہ کالونی حیات نگر علاقہ کے ساکن شنکر کی بیوی تھی کل بس سے اترنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو دوران علاج رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 58 سالہ نرسمہا جو پیشہ سے ترکاری فروش اور ایم اے نگر میاں پور میں رہتا تھا آج موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 40 سالہ گڈم پرکاش جو پیشہ سے کیٹرنگ ورکر ، باٹا سنگارم علاقہ میں رہتا تھا،5 ڈسمبر کے دن وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں زخمی پرکاش کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT