Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / سکریٹریٹ میں دو چیف منسٹروں کے چیمبرس کا تعین

سکریٹریٹ میں دو چیف منسٹروں کے چیمبرس کا تعین

انتخابات کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے دفاتر کی فراہمی کا جائزہ ‘ گورنر کا دورہ سکریٹریٹ

انتخابات کے بعد تلنگانہ اور آندھراپردیش کے دفاتر کی فراہمی کا جائزہ ‘ گورنر کا دورہ سکریٹریٹ

حیدرآباد ۔ 6 ؍ اپریل ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے پیش نظر آندھراپردیش چیف منسٹر کے لئے عمارت کا تعین کرنے کے لئے ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے آج شام غیر متوقع طور پر ریاستی سکریٹریٹ کا دورہ کیا ۔ سکریٹریٹ پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنے مشیر صلاح الدین احمد اور ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر بی کے موہنتی کے ہمراہ اعلی عہدیداروں کے ساتھ کچھ دیر تک جائزہ اجلاس میں سکریٹریٹ میں عمارتوں کے تعلق سے مکمل واقفیت حاصل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ نئی ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاست کی تشکیل دی جانے والی نئی حکومتوں کو عمارتوں کا تعین کرنے کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ڈی بلاک میں منعقدہ اجلاس میں تبادلہ خیال کیا ۔ اور مقررہ مدت میں عمارتوں کی آسائش و آرائش و مرمتی نوعیت کے کاموں کے ساتھ درکار سہولتیں فراہم کرتے ہوئے نئی حکومتوں کے لئے عمارتوں کو تیار رکھنے کی ریاستی چیف سکریٹری کو ضروری ہدایات دیں ۔ گورنر کی سکریٹریٹ آمد پر سیکوریٹی انتظامات پر تعینات ایس بی ایف عہدیداروں نے مناسب بندوبست کیا تھا ۔ اتوار کی تعطیل کے باعث سکریٹریٹ میں کوئی ملازمین و عام افراد موجود نہیں تھے بلکہ صرف مخصوص عہدیدار اور اخباری نمائندے ہی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ سکریٹریٹ میں اعلی عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے سکریٹریٹ کے مختلف بلاکس کا پیدل گھوم کر تفصیلی معائنہ کیا ۔ اور ایک گھنٹہ تک ریاستی گورنر سکریٹریٹ میں مصروف رہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی چیف منسٹر کو ’’سی ‘‘ بلاک اور آندھرا پردیش ریاستی چیف منسٹر کو ایچ ساوتھ بلاک مختص کیا جا رہا ہے جبکہ موجودہ داخلہ گیٹ آندھراپردیش چیف منسٹر کے داخلہ کے لئے رکھا جا رہا ہے ۔ اور ایچ نارتھ بلاک کے بازو سے تلنگانہ چیف منسٹر کے داخلہ کے لئے نیا باب الداخلہ بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ عہدیداروں نے ریاستی گورنر کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ دونوں حکومتوں کے لئے بلاکس مختص کرنے کے علاوہ درمیان میں حصار بندی (فینسنگ) کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے ۔

اس کا بھی گورنر نے جائزہ لیا ۔ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ممتاز شخصیتوں ‘ سکریٹریٹ عہدیداروں و ملازمین اور آنے والے عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے جیسے انتظامات کرلینے کی گورنر نے عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ‘ بی سی ‘ ڈی نارتھ ایچ بلاک تلنگانہ حکومت کو مختص کرنے ‘ ایچ ساوتھ بلاک جے ایل کے بلاکس کو آندھراپردیش حکومت کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔ عہدیداروں نے عمارتوں اور ان میں فراہم کی جانے والی سہولتوں حفاظتی انتظامات کے علاوہ آمد و رفت و دیگر تفصیلات ریاستی گورنر کو نقشوں کے ذریعہ واقف کروایا ۔ اس واقعہ پر شریمتی لکشمی پارتھا سارتھی بھاسکر اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ و دیگر عہدار بھی موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں کسی گورنر کی جانب سے ریاستی سکریٹریٹ کا دورہ یا معائنہ کرنے کی ایسی کوئی مثال نہیں ہے ۔ تاہم دستور کی روشنی کے مطابق ہر سال ریاستی اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز کے دن دونوں ایوانوں (اسمبلی و کونسل) کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کی روایت پائی جاتی ہے ۔ لیکن ریاستی گورنر کے سکریٹریٹ کا دورہ کرنے یا معائنہ کرنے کا ہرگز سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ لیکن یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست میں فی الوقت صدر راج کا نفاذ عمل میں لائے جانے کے باعث نظم و نسق مکمل طور پر گورنر کے ذریعہ ہی چلا جا رہا ہے ۔ جس کے پیش نظر شاید مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ریاستی گورنر نے سکریٹریٹ کا دورہ کیا ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT