Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / سکریٹریٹ میں وزیٹرس پاس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح

سکریٹریٹ میں وزیٹرس پاس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح

حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے تلنگانہ سکریٹریٹ میں آج وزیٹرس پاس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا جس کے تحت سکریٹریٹ میں داخلہ کیلئے اب وزیٹرس کو ڈیجیٹل پاس جاری کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے دن سے ڈیجیٹل پاسیس کی اجرائی کا نظام باقاعدہ کام کرنے شروع کردے گا۔ وزیٹرس کے داخلہ کیلئے سہ پہر 3 تا شام 5 بجے کے اوقات مقرر کئے گئے ہیں۔ چیف سکریٹری کے علاوہ پرنسپال سکریٹری آدر سنہا، پرنسپال سکریٹری این شنکر، ایڈیشنل سکریٹری ( جنرل ) سی ایچ بنگارو راجو اور سیکورٹی سے متعلق دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس سسٹم پر عمل آوری کا آغاز 2جون سے ہوگا۔ سکریٹریٹ میں داخلہ کے خواہشمند وزیٹرس کو لازمی قرار دیا گیا کہ وہ اپنے ساتھ آدھار کارڈ یا کوئی اور شناختی پروف جیسے ڈرائیونگ لائسنس، گورنمنٹ آفس کا شناختی کارڈ، پیان کارڈ، راشن کارڈ اور ووٹر آئی ڈی پیش کریں جس کی بنیاد پر انہیں سکریٹریٹ کی مین گیٹ پر واقع کاؤنٹر روبرو لمبنی پارک سے داخلہ پاس جاری کیا جائے گا۔ حکومت نے سکریٹریٹ میں داخلہ کی شرائط میں سختی کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حالیہ عرصہ میں وزیٹرس کی تعداد میں اضافہ سے وزراء اور عہدیداروں نے کام کاج میں خلل کی شکایت کی تھی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سکریٹریٹ میں پیروکاروں کے داخلہ کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کریں۔ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق صبح سے 3بجے سہ پہر تک سکریٹریٹ میں داخلہ کے سلسلہ میں کافی سختی کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ سکریٹریٹ کے باب الداخلہ پر سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کی ہدایت اور وزراء کی شکایت کے باوجود سکریٹریٹ میں دوپہر کے اوقات میں برسراقتدار پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کی کافی تعداد دیکھی جارہی ہے۔
خاص طور پر وزراء کے ٹی آر، ہریش راؤ، ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری اور شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء این نرسمہا ریڈی اور سرینواس یادو کے چیمبرس کے پاس پارٹی قائدین کا ہجوم دیکھا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT