Wednesday , January 17 2018
Home / شہر کی خبریں / سکریٹریٹ میں کے سی آر کا پرتپاک خیرمقدم

سکریٹریٹ میں کے سی آر کا پرتپاک خیرمقدم

ملازمین کے جلسہ سے چیف منسٹر کا خطاب‘ مسائل کی یکسوئی کا وعدہ

ملازمین کے جلسہ سے چیف منسٹر کا خطاب‘ مسائل کی یکسوئی کا وعدہ
حیدرآباد۔2جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے عہدے کا حلف لینے کے بعد مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج دوپہر تقریباً 12:20بجے سکریٹریٹ پہنچے ‘ تب ان کا سکریٹریٹ میں فقید المثال خیرمقدم کیا گیا ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ پہنچنے کے فوری بعد سکریٹریٹ میں واقع مندر میں حاضری دی اور اپنی خصوصی پوجا کی اور پھر وہاں سے سی بلاک کے روبرو تلنگانہ سکریٹریٹ ایمپلائیز اسوسی ایشن کے زیراہتمام منظم کردہ ایک بڑے شہ نشین پر پہنچے جہاں سکریٹریٹ ملازمین کی مختلف یونینوں و اسوسی ایشن کے قائدین کی جانب سے ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا اور انہیں زبردست تہنیت پیش کی ۔

مسٹر دیویندر راؤ صدر سکریٹریٹ تلنگانہ ایمپلائیز یونین نے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیکر سکریٹریٹ پہنچنے پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا والہانہ خیرمقدم کیا اور ملازمین سکریٹریٹ کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے چیف منسٹر سے ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دینے کی پُرزور اپیل کی ۔ اس موقع پر ٹی جی اوز اسوسی ایشن کی جانب سے تلنگانہ کی ترقی میں ملازمین کے حصہ کے طور پر تمام ملازمین کی جانب سے دیڑھ یوم کی تنخواہ کی رقومات چیف منسٹرس فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ۔ بعد ازاں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملازمین سکریٹریٹ سے پُرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے ان کی زیر قیادت تلنگانہ ریاستی حکومت ’’ ایمپلائیز فرینڈلی‘‘ ( ملازمین دوست) حکومت رہنے کا اعلان کیا اور جو کوئی بھی مسائل ملازمین کو درپیش ہوں انہیں فی الفور حل کرنے کا واضح تیقن دیا اور کہا کہ ملازمین یونین ان سے کبھی بھی رجوع ہوسکتے ہیں اور وہ ہمیشہ ملازمین کے مسائل پر بات چیت کیلئے تیار رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین مسائل کی یکسوئی کیلئے کتابوں کی شکل میں قوانین کی ہرگز ضرورت نہیں ہونی چاہیئے بلکہ بالکلیہ طور پر آسان قوانین ہونے چاہیئے ۔ لہذا وہ ملازمین یونین قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے آسان قوانین کو مرتب کرنے پر اولین ترجیح دیں گے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تمام تلنگانہ ملازمین کو تلنگانہ ریاست کے قیام کی مسرت میں تلنگانہ ملازمین کیلئے ’’ تلنگانہ اسپیشل اینکریمنٹ‘‘ فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔ علاوہ واجب الادا ملازمین کے پے ریویژن پر بھی بہت جلد عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹر راجیو شرما ‘ ڈاکٹر کے کیشو راؤ قائد ٹی آر ایس ‘ دیوی پرساد صدر ٹی این جی اوز یونین ‘ سرینواس گوڑ رکن اسمبلی ‘ش ریمتی کے کویتا رکن پارلیمان نظام آباد و دیگر بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT