Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کیلئے تلگودیشم و بی جے پی اتحاد: ای دیاکر راؤ

سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کیلئے تلگودیشم و بی جے پی اتحاد: ای دیاکر راؤ

حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں فلور لیڈر تلگودیشم مقننہ پارٹی مسٹر ای دیاکر راؤ نے واضح کیاکہ تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کی مفاہمت برقرار رہے گی اور دونوں جماعتوں کو اس مفاہمت کو ختم کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی بلکہ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ (کارپوریشن) کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات میں تلگودیشم، بی جے پی کے ساتھ مل کر ہی انتخابات میں حصہ لے گی۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ای دیاکر راؤ نے کہاکہ اسمبلی میں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت اپوزیشن جماعتوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تلگودیشم، حکومت کی کسی بھی کوششوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ ایوان میں حکومت کو منہ توڑ جواب دے گی۔ فلور لیڈر تلگودیشم مقننہ پارٹی نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ حکومت کے اختیار کردہ طرز عمل سے اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری کو واقف کروانے کیلئے تلگودیشم ارکان اسمبلی کے ساتھ وہ کل 24 نومبر کو ملاقات کریں گے۔ مسٹر دیاکر راؤ نے برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت کے طرز عمل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے اس طرز عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ سخت احتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ قائد تلگودیشم پارٹی نے کہاکہ اسپیکر اسمبلی کا تلگودیشم پارٹی ارکان اسمبلی کے پاس بہت بڑا مقام ہے اور ہم تمام ارکان اسمبلی ان کا احترام کرتے ہیں۔ مسٹر دیاکر راؤ نے مزید کہاکہ ایوان میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ آمرانہ و حاکمانہ رویہ اختیار کررہے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT