Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / سگریٹ اور پان کی فروختگی پر پابندی سے دستبرداری کا مطالبہ

سگریٹ اور پان کی فروختگی پر پابندی سے دستبرداری کا مطالبہ

سینکڑوں افراد بے روزگار ہونے کا ادعا ، پان شاپس اونرس اسوسی ایشن آف انڈیا کی پریس کانفرنس

سینکڑوں افراد بے روزگار ہونے کا ادعا ، پان شاپس اونرس اسوسی ایشن آف انڈیا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ زردہ ( تمباکو ) اور سگریٹ کی چلر فروخت اور 25 سال سے زائد عمر والے تمباکو اور سگریٹ کے استعمال کنندوں کو ہی فروخت کئے جانے سے متعلق قانون کو فوری طور پر منسوخ کرے تاکہ ملک میں پان شاپس پر منحصر 1.6 کروڑ روزگار ورکرس کو روزگار سے محرومی سے بچایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر پان شاپس اونرس اسوسی ایشن آف انڈیا مسٹر آر شنکر راؤ اور جنرل سکریٹری اسوسی ایشن محمد صلاح الدین نے آج یہاں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تمباکو اور سگریٹ کی چلر فروخت پر پابندی پان شاپس اونرس اور ورکرس اور غریب عوام کے ساتھ نا انصافی کے مترادف قرار دیا چونکہ ملک میں زائد از 1.65 کروڑ پان شاپس ہیں اور ایک اندازے کے مطابق 6 کروڑ افراد اس کاروبار سے وابستہ ہو کر اپنی روزی روٹی حاصل کررہے ہیں اگر مرکزی حکومت پان شاپس پر زردہ اور سگریٹ کی چلر فروخت پر پابندی عائد کردے تو کاروبار سے گذر بسر کرنے والے بے سہارا اور بے یار و مددگار ہوجائیں گے ۔ ان قائدین نے کہا کہ پان شاپس کا کاروبار چلر اور چھوٹا کاروبار ہے جس پر گذارا ہی ناممکن ہے جب کہ پان شاپس پر اگر چلر فروخت نہ کی جائے تو عام اور غریب آدمی زردہ کا ڈبہ یا سگریٹ کی مکمل ڈبی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا جس کے نتیجہ میں وہ چلر اشیاء خریدنے پر مجبور ہوا کرتے ہیں ۔ چلر فروخت کی پابندی سے غریب عوام کو جو ایک سگریٹ روزانہ پیتا ہے اسے مجبوراً ایک ڈبی پینا پڑے گا جس کے نتیجہ میں غریب عوام پر بھی مالی بوجھ عائد ہوگا ۔ اسی طرح حکومت کا 25 سال سے زائد عمر والوں کو ہی زردہ یا سگریٹ فروخت کرنے سے متعلق اعلان بھی نا مناسب ہے کیوں کہ پان شاپس کے مالکین اور ورکرس کے لیے آنے والے گاہک کی عمر سے متعلق واقفیت حاصل کرنا بھی دشوار کن ہی نہیں بلکہ درد سر کا باعث بھی بنے گا۔ قائدین نے بتایا کہ ان کی اسوسی ایشن کی جانب سے اس ضمن میں وزیر اعظم ، مرکزی وزیر صحت ، چیف منسٹر تلنگانہ ، ریاستی وزیر صحت کو بھی خطوط روانہ کئے گئے ہیں تاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے مدون کردہ قانون میں نرمی دی جاکر پان شاپس اونرس اور ورکرس کو راحت پہنچائی جاسکے ۔ اس موقع پر آرگنائزنگ سکریٹری اسوسی ایشن مسٹر ٹی مہیندر گوڑ ، اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری مسٹر جئے کمار بھنگے ، اسٹیٹ اڈوائزر مسٹر یادو آنند ، اسٹیٹ ممبرس محمد آصف اور شیخ خواجہ بھی موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT