Sunday , June 24 2018
Home / ہندوستان / سہارا اسکام میں وزیراعظم مودی کو بھی گرفتار کیا جائے : ممتا بنرجی

سہارا اسکام میں وزیراعظم مودی کو بھی گرفتار کیا جائے : ممتا بنرجی

کولکتہ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے شاردا اسکام میں سی بی آئی کی جانب سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا کی گرفتاری پر آج بی جے پی اور مرکزی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہاکہ ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ پیر سے ایوان میں احتجاج کریں گے۔ انھوں نے یہاں ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہ

کولکتہ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے شاردا اسکام میں سی بی آئی کی جانب سے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مدن مترا کی گرفتاری پر آج بی جے پی اور مرکزی حکومت کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہاکہ ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ پیر سے ایوان میں احتجاج کریں گے۔ انھوں نے یہاں ایک ریالی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سی بی آئی کا اب اعتماد اور اعتبار نہیں رہا اور وہ اپنے آقا کی کٹھ پتلی اور سیاسی آلہ کار بن گئی ہے اور اب اس ادارہ کو بند کردینے کی ضرورت ہے۔

جس کے خلاف ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ 25 ڈسمبر سے ایوان میں احتجاج کریں گے۔ انھوں نے بی جے پی اور مرکزی حکومت کو انتباہ دیا کہ اپنی حدود میں رہیں یا پھر خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہیں۔ بنگال کے عوام توہین برداشت نہیں کرسکتے اور بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد آمرانہ رویہ اختیار کررہی ہے۔ اپنے سابقہ طریقہ کار کا احیاء کرتے ہوئے ممتا بنرجی ہزارہا پارٹی کارکنوں بشمول وزراء اور سینکڑوں کھلاڑیوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئیں اور وزیر ٹرانسپورٹ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ انھوں نے کہاکہ میں یہاں ایک چیف منسٹر کی حیثیت سے نہیں آئی ہوں بلکہ ایک عام شہری کی طرح شریک ہوں اور میرے خیال میں مدن مترا نہ کوئی چور ہیں اور نہ ڈاکو ہیں اور ان کا خاندان غربت کی حالت میں ہے۔ اگر وہ شاردا چٹ فنڈ سے رقم نکالتے تو اپنے خاندان کو خوشحال بناتے تھے۔ ممتا بنرجی نے ایک تصویر کا حوالہ دیا جس میں مدن مترا کو شاردا گروپ کے صدرنشین سدیپتا سین کے ساتھ ایک شہ نشین (اسٹیج) پر بیٹھے ہوئے ہیں

اور یہ تقریب ایمپلائز یونین کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس کے وہ صدر ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگر ایک شخص کے وقار کو فوجداری سازش کیلئے ثبوت بنایا جاسکتا ہے تو سہارا اسکام کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو گرفتار کرلیا جائے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہاکہ چٹ فنڈ مالکین کے ساتھ سی پی ایم لیڈروں کی تصاویر موجود ہیں اور سہارا گروپ کے سربراہ کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کی تصاویر ہیں جس کے پیش نظر آیا ہم نریندر مودی کی گرفتاری کیلئے سی بی آئی سے مطالبہ کریں۔ انھوں نے بتایا کہ مدن مترا پارٹی کے اہم لیڈر اور ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ و اسپورٹس ہیں۔ انھیں بطور گواہ سی بی آئی آفس طلب کرکے حراست میں لے لیا گیا اور یہ کارروائی دہلی سے ٹیلیفون آنے کے بعد انجام دی گئی۔ انھوں نے کہاکہ سی بی آئی نے گواہی کیلئے طلب کرکے جس طریقہ سے مدن کو گرفتار کیا ہے اس کے بعد کوئی شخص گواہی دینے کیلئے نہیں جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT