Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / سیاست انگریزی ہفت وار کو گھروں کی زینت بنانے کا مشورہ

سیاست انگریزی ہفت وار کو گھروں کی زینت بنانے کا مشورہ

ادارہ سیاست کے اقدام کی ستائش، جناب ایم اے خان رکن راجیہ سبھا کا بیان
حیدرآباد /16 اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن راجیہ سبھا ایم اے خان نے سیاست کی جانب سے ہفتہ وار انگریزی اخبار کی اشاعت پر ایڈیٹر روزنامہ سیاست کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کو اسے اپنے گھروں کی زینت بنانے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کو ٹیلیفون پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہفتہ وار انگریزی اخبار کی ستائش بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ اخبار سیاست مسلمانوں کی بے باک آواز ہے اور مسلمانوں کے مسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ انھوں نے کہا کہ وقف جائدادوں کی بربادی، مکہ مسجد بم دھماکہ، آلیر انکاؤنٹر یا مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات جیسے مسائل اور مسلمانوں کی آواز کو سیاست نے ایوانوں، حکمرانوں، سرکاری مشنری اور سیاسی حلقوں تک اس طرح پہنچایا کہ اس میں وہ بھی شامل ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست نہ صرف ایک اخبار بلکہ سارے مسلمانوں کا ترجمان ہے۔ سرکاری اسکیمات سے استفادہ کے معاملے میں مسلمانوں کی مکمل رہنمائی و رہبری کرتا ہے۔ تعلیم اور ملازمتوں کے لئے طلبہ اور نوجوانوں کا شعور بیدار کرتا ہے۔ شہر اور اضلاع کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسلم دنیا کی خبروں کو مسلمانوں تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایڈیٹر سیاست نے حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد انگریزی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے سیاست انگریزی ہفتہ وار کا آغاز کیا ہے، جو وقت کی اہم ضرورت تھی۔ انھوں نے کہاکہ بہت سے انگریزی اخبارات ہیں، تاہم وہ صرف تجارت کیلئے چلائے جاتے ہیں، جس میں مسلمانوں کے مسائل برائے نام ہوتے ہیں یا مسلمانوں کے حقیقی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف منفی پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاست انگریزی ہفتہ وار سے مسلمانوں اورخود انھیں کافی امیدیں ہیں، یہ اخبار مسلمانوں کی آواز بن کر ابھرے گا۔ انھوں نے جناب زاہد علی خاں کی ہمت کو داد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ہفتہ وار اخبار بہت جلد انگریزی روزنامہ میں تبدیل ہو جائے گا۔ انھوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اس اخبار کو اپنے گھروں کی زینت بنائیں، کیونکہ دیگر انگریزی اخبارات میں شائع ہونے والی تصاویر کے سبب ہمیں اپنے بچوں، خواتین اور بزرگوں کے سامنے پڑھتے ہوئے شرم محسوس ہوتی ہے، جب کہ سیاست انگریزی ہفتہ وار اس قسم کی تصاویر سے پاک ہوگا اور اس کو خاندان کا ہر فرد پڑھ سکے گا۔

TOPPOPULARRECENT