Wednesday , February 21 2018
Home / Top Stories / ’سیاست ‘ دنیا میں بااثر اخبار : کیتھرین ہاڈا

’سیاست ‘ دنیا میں بااثر اخبار : کیتھرین ہاڈا

نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنا قابل قدر ، امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد کا خطاب
شرافت اور ہیرے حیدرآباد کی پہچان: زاہد علی خان
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لئے ادارہ سیاست کی جانب سے کی جانے والی خدمات قابل قدر ہیں اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کے انگریزی زبان کے کورس چلائے جانے کو قونصل خانہ باعث افتخار اور اعزاز تصور کرتا ہے ۔امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد محترمہ کیتھرین ہاڈا نے سیاست گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ انگریزی زبان کی تربیت مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکی قونصل خانہ کی جانب سے چلائے جانے والے انگریزی زبان کے کورس سے سینکڑوں طلبہ کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔اس تقریب کی صدارت جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزانہ سیاست نے کی ۔ اس تقریب میں مسٹر آکاش سوری اسسٹنٹ پبلک افئیرس قونصل ‘ مسز راشیل ڈائمنڈ ‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزانہ سیاست ‘ جناب سلیل قادر ‘ مسٹر سینتھل کمار ‘ جناب باسط ملک کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ادارہ سیاست صرف حیدرآباد کا بااثر اخبار نہیں ہے بلکہ ہندستان اور دنیا بھر میں آن لائن کے ذریعہ اثر انداز ہونے والا اخبار ہے۔مسز کیتھرین ہاڈا نے کہا کہ ادارہ سیاست خبر رسانی کے ساتھ معاشرتی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرر ہا ہے اور دنیا بھر میں موجود اپنے اپنے قارئین کو آن لائن ایڈیشن کے ذریعہ جوڑے ہوئے ہے۔ انہوں نے انگریزی زبان کی اہمیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رابطہ کی زبان کے طور پر انگریزی زبان کو اہمیت حاصل ہوچکی ہے اور امریکی طرز خطابت کی افادیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔کیتھرین ہاڈا نے کہا کہ انگریزی زبان کی اپنی خوبصورتی ہے اور انگریزی زبان میں بھی اردو کی طرح اس کا اپنا ادب موجود ہے۔ انہوں نے جناب زاہد علی خان اور جناب عامر علی خان کے علاوہ ادارہ سیاست سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی قونصل خانہ کے معاشرتی مفادات میں چلائے جانے والے پروگرامس کو عوام تک پہنچانے میں قونصل خانہ کا تعاون کر رہے ہیں۔محترمہ کیتھرین ہاڈا نے بتایاکہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ادارہ سیاست میں انگریزی زبان کو سیکھنے والوں میں باپردہ خواتین اور لڑکیاں بھی شامل ہیں جو اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کہا کہ حیدرآباد کی دو اہم چیزیں دنیا میں بہت زیادہ مشہور ہیں جن میں حیدرآبادی شرافت اور حیدرآبادی ہیرے معروف ہیں۔ انہوںنے امریکی قونصل خانہ کے انگریزی زبان کی تربیت کے پروگرام کی ستائش کی اور تربیت فراہم کرنے والی استاذ مسز راشیل ڈائمنڈ کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انداز تربیت اور طریقہ کار سے طلبہ کافی متاثر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی قونصل خانہ کے اس پروگرام سے نوجوان نسل کو فائدہ حاصل ہورہا ہے اور انہیں ملازمت کے حصول میں انگریزی زبان میں ہونے والی دشواریاں دور ہونے لگی ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ ہندستان پر برطانوی سامراج کے 200 سالہ تسلط کے سبب ہندستانیو ں میں برطانوی طرز انگریزی کا اثر محسوس کیا جاتا رہاہے لیکن اب امریکی انگریزی طرز خطابت کو عالمی حیثیت حاصل ہونے کے سبب اس انداز کو کافی اپنا یا جا رہا ہے ۔ ایڈیٹر سیاست نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہحیدرآبادیوں میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ دنیا کے کسی بھی خطہ میں رہتے ہوئے روزگار حاصل کرسکتے ہیں۔ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ حیدرآباد کی مہمان نوازی ‘ چارمینار ‘ بریانی اور گنڈی پیٹ کا پانی اپنی جگہ ہے لیکن ان سب سے اہم حیدرآبادی عوام کی شرافت ہے ۔جناب زاہد علی خان نے امریکی قونصل خانہ کی جانب سے ادارہ سیاست کے اشتراک سے انگریزی میں مہارت کے ا س سرٹیفیکیٹ کورس کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا۔اس موقع پر انگریزی زبان کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ محترمہ رتنا چوٹرانی سینیئر اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نے ابتداء میں خیرمقدمی خطاب کے دوران ادارہ سیاست کی فلاحی سرگرمیو ںاور بانی ایڈیٹرجناب عابد علی خان کی خدمات کا تذکرہ کیا ۔انگریزی برائے روزگار نامی اس پروگرام کے کو آرڈینیٹر جناب انس اور جناب زاہد فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں قونصل جنرل کیتھرین ہاڈا نے ادارہ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے انہیں ادارہ سیاست کی فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات سے واقف کروایا اور انہیں بتایا کہ کس طرح ادارہ سیاست نے محکمہ پولیس میں نوجوانوں کی بھرتی کے لئے تربیت کی فراہمی کا آغاز کیا اور انگریزی زبان میں مہارت کیلئے مرحوم جے ایچ سلمانی کی خدمات حاصل کرتے ہوئے کس طرح تربیت کی فراہمی کو یقینی بنایا گیااور انہیں بین الاقوامی کارپوریٹ اداروں میں ملازمت کے حصول کے لئے رہبری کی گئی ۔محترمہ کیتھرین ہاڈا نے مسلم نوجوانوں کی تربیت میں ادارہ سیاست کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ا س طرح کے ادارے ملک کی اقوام کی ترقی کے ذریعہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT