سیاست شاپنگ دھوم کا بمپر ڈرا- سبحان بیکری کے خریدار کو پہلا انعام کار ، نورانی لباس کے خریدار کو دوسرا انعام ہیرو گلیمر

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سیاست شاپنگ دھوم بمپر ڈرا کی 10 ویں بمپر ڈرا کی یادگار اور پر اثر تاریخی تقریب اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ للیتا کلاتھورانم ، باغ عامہ ( نامپلی ) میں منعقد ہوئی جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے شائقین موسیقی دونوں شہروں اور مضافاتی علاقوں سے بھی دیکھے گئے جس میں نوجوان ، بچے ، کمسن بچے اور طلباء وطالبات اور فیملیز کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ سیاست شاپنگ دھوم کی خاص بات یہ ہے کہ جو لوگ شہر کے مختلف دکانات سے خریداری کرتے ہیں ۔ اس وقت انہیں ٹوکن دیا جاتا ہے اور ان گاہکوں کے لیے سیاست منی ڈرا کے علاوہ بمپر ڈرا کا بھی اہتمام کرتا ہے ۔ سیاست شاپنگ دھوم بمپر ڈرا کے موقع پر شائقین دل کو لبھانے کے لیے شام موسیقی کا پروگرام رکھا گیا ۔ اس 10 ویں بمپر ڈرا کا پہلا ڈرا مہمان خصوصی کمشنر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بی جناردھن ریڈی کے ہاتھوں Nissan Datsun Redi Go کار کا نکالا ۔ اس قرعہ کے خوش نصیب کا ٹوکن نمبر 750141 ہے جنہوں نے سبحان بیکری سے خریداری کی ۔ انعام دوم Hero Glamour کے لیے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں قرعہ نکالا گیا ۔ اس قرعہ کے خوش نصیب کا کوپن نمبر 3222 ہے جنہوں نے نورانی لباس سے خریداری کی ۔ انعام سوم کے لیے حیدرآبادی فلم اسٹار عزیز ناصر کے ہاتھوں قرعہ نکالا گیا ۔ اس قرعہ کے خوش نصیب کا ٹوکن نمبر 722826 ہے جنہوں نے ایم ایس ساریز سے خریداری کی ہے ۔ ان تمام قرعہ کے انعام یافتگان کو جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے مبارکباد پیش کی ۔ جناب بی جناردھن ریڈی نے اس یادگار اور دلکش پرگرام کو دیکھ کر خوشنودی کا اظہار کیا اور کہا کہ سیاست صرف ایک اخبار نہیں بلکہ ایک تحریک ہے ۔ سیاست شاپنگ دھوم کے اس بمپر ڈرا میں شرکت کرنے کے لیے لوگ 6 بجے شام سے ہی اوپن ایر تھیٹر باغ عامہ میں آتے ہوئے دیکھے گئے ۔ ان کے لیے خصوصی پروگرام حیدرآباد فن گامہ شو 2017 ترتیب دیا گیا اور اس دلکش پروگرام میں محمود عباسی نے حمدیہ کلام پڑھا ۔ اس کے بعد صفی ملک ، انجلی ، سمرن نے فلمی گیت سنائے ۔ فلمی اداکار عزیز ناصر ،حسین رضا ، احتشام ، مخدوم ، وجئے لکشمی ( پلے بیک سنگر ) نے گائے گیتوں کو پسند کیا گیا ۔ خصوصیت کے ساتھ ڈھولک کے گیتوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا اور دور قدیم میں ریڈیو کے ذریعہ کنیز فاطمہ اور ارجمند نذیر کے گائے ہوئے گیت جو اکثر بیشتر شادی بیاہ میں یا خوشی کے موقع پر گائے جاتے تھے انجلی اور ان کے ساتھیوں نے بہت ہی خوبصورت پیرائے میں پیش کیا ۔ قہقہوں کی سوغات فن گامہ شو میں دولت رام ، منور علی مختصر ، سید شہاب الدین ، شبیر خاں اور سورج کرن نے حالات حاضرہ پر مزاحیہ خاکے اور ڈرامہ پیش کرتے ہوئے طنز کیے ، سراہنا کی گئی ۔ نوجوان ممکری آرٹسٹ شہباز خاں اور ساتھی نے ہندی فلموں کے مشہور اداکاروں کی آواز میں اور جھلکیاں پیش کیں ۔ صوفیانہ رنگ لیے ہوئے نغموں کو حیدرآباد فنگامہ شو میں راحتیں کے زیر عنوان عمران خاں اور محمود عباری نے پیش کر کے رنگ بکھیرے جسے شائقین نے کافی پسند کیا ۔ وجئے لکشمی جو ایک مقبول گلوکارہ ہے جنہوں نے 24 گھنٹے مسلسل گائیگی کے ذریعہ ریکارڈ مظاہرہ کرچکی ہیں آج اپنے آواز کا جادو جگاتے ہوئے دیکھی گئی ۔ سیاست شاپنگ دھوم میں مین اسپانسر کشش ، اسپیشل اسپانسر سورج بھان جیمس اینڈ جویلرس رہے ۔ جناب خیر الدین بیگ جانی جو اس پروگرام کے کوآرڈینٹر ہیں انہوں نے بڑے کامیابی کے ساتھ تمام فنکاروں کو یکجا کر کے اس شو کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں تعاون کیا ہے ۔ اس کے لیے ڈیجیٹل ڈالبی ساونڈ سسٹم اور الکٹرانک لیز لائٹس جدید ٹکنالوجی کا بہترین استعمال کے ذریعہ پروگرام کو آسانی سے دیکھنے اور سننے میں راہ پیدا کی گئی ۔ پروگرام کے درمیان میں حیدرآبادی فلمی اداکاروں نے جو اداکاری کی اُس کی جھلکیاں بھی پیش کی جاتی رہی ۔ یادگار و رنگا رنگ بمپر ڈرا میں معززین شہر کے علاوہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، افتخار حسین فیض عام ٹرسٹ و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ( 10 ویں سیاست شاپنگ دھوم بمپر ڈرا کی قرعہ اندازی کے خوش نصیب انعام یافتگان اور لکی نمبر صفحہ نمبر 3 پر ملاحظہ کرسکتے ہیں ) ۔۔

TOPPOPULARRECENT