Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبدو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا دوبدو پروگرام

اتوارکو ایس اے ایمپرئیل گارڈن میں مقرر ، جناب زاہد علی خاں صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( دکن نیوز ) : شہر حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع میں مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادی کے لیے رشتے طئے کرنے کا معاملہ بڑی پیچیدگی اختیار کرنے کے پیش نظر سیاست و ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام شروع کردہ رشتوں کا دوبدو پروگرام ثمر آور ثابت ہورہا ہے ۔ عوام کے غیر معمولی ردعمل کے پیش نظر 79 ویں دوبدو ملاقات پروگرام ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں اتوار 22 اکٹوبر کو صبح 10 تا 4 بجے شام رکھا گیا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلی ایم ڈی ایف صدارت کریں گے ۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز مہمان خصوصی ہوں گے ۔ حسب سابق پروگرامس کی طرح اس میں بھی انجینئرنگ ، میڈیسن ، پوسٹ گریجویٹ ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، بی ایڈ ، گریجویٹس ، انٹر میڈیٹ ، ایس ایس سی ، عالم ، حافظ و فاضل ، تاخیر سے شادی ، معذور لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علحدہ علحدہ کاونٹرس رہیں گے ۔ کمپیوٹر کی مدد سے بھی بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کا مشاہدہ والدین کو کروایا جائے گا ۔ جس کی نگرانی جناب زاہد فاروقی کریں گے ۔ ان کاونٹرس پر پہنچ کر والدین باہمی مشاورتی کے ذریعہ رشتوں کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ عقد ثانی کے لیے بھی علحدہ کاونٹر رہے گا ۔ والدین اور سرپرستوں کو ہمیشہ سے اس بات کی طرف متوجہ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے ساتھ بائیو ڈاٹاس کی کاپیز اور زائد فوٹوز رکھیں تاکہ والدین سے گفتگو کرنے میں آسانی پیدا ہو ۔ اس یاد دہانی کے باوجود اکثر والدین اس تعلق سے دلچسپی ظاہر نہیں کرتے ۔ اس کے لیے انہیں اس نادر موقع پر رشتے کے حصول کے لیے دشواری پیدا ہوتی ہے ۔ بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز ساتھ ضرور رکھیں ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف اور جناب ایم اے قدیر آرگنائزنگ پریسیڈنٹ ایم ڈی ایف نے بتایا کہ والدین اس نادر موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیں اور والدین سے باہمی گفتگو کریں اور اب تک جن خیالات سے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مسلم والدین کو حالات سے واقف کروایا ہے اس کو ذہن میں رکھیں تو انہیں رشتوں کے انتخاب میں آسانی ہی آسانی پیدا ہوگی ۔ ایم ڈی ایف کے اراکین اور دیگر نے والدین سے بہ پابندی وقت شرکت کی اپیل کی ہے ۔ مزید تفصیلات کے لیے 9394801526 پر ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT