Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا کل دو بہ دو پروگرام

سیاست و ایم ڈی ایف رشتوں کا کل دو بہ دو پروگرام

ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں مقرر ، صرف خواتین کے لیے مختص
حیدرآباد ۔ 13 ۔ نومبر : ( دکن نیوز ) : مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کو طئے کرنے کے سلسلہ میں موزوں اور من پسند رشتوں کے انتخاب کے لیے 50 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام اتوار 15 نومبر کو 10 تا 4 بجے شام ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی مین روڈ پر منعقد ہوگا ۔ سیاست اور میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے اس پروگرام میں صرف خواتین شرکت کرسکیں گی ۔ لڑکوں اور لڑکیوں کی مائیں اور سرپرست بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز دیکھنے کے بعد آپس میں ایک دوسرے سے مشاورت کرسکتی ہیں ۔ اس سلسلہ میں لڑکوں کی ماؤں کے لیے پیلے ربن ، اور لڑکیوں کی ماؤں و سرپرستوں کے لیے سبز ربن رجسٹریشن کاونٹر پر لگائے جائیں گے تاکہ ایک دوسرے کی شناخت میں سہولت ہوسکے ۔ دو بہ دو ملاقات پروگرام صرف پوسٹ گریجویٹس ، گریجویٹس اور انجینئرنگ لڑکوں کے رشتوں تک محدود رہے گا ۔ لڑکیوں کی مائیں و سرپرست متعلقہ کاونٹرس پر کونسلرس سے ربط کر کے رشتوں کی تفصیلات معلوم کرسکتی ہیں ۔ انہیں اپنے ہمراہ لڑکوں اور لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس ساتھ رکھنا ہوگا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ اس پروگرام میں لڑکوں کے سینکڑوں رشتہ دستیاب رہیں گے ۔ اس کے علاوہ ایمپرئیل گارڈن میں علحدہ کمپیوٹر سیکشن قائم کیا جارہا ہے ۔ جہاں خاتون کمپیوٹر آپریٹرس لڑکوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کا اسکرین پر مشاہدہ کروائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ تقریبا 20 کونسلرس اور 25 والینٹرس پیامات کی نشاندہی اور رشتوں کو طئے کرنے کے سلسلہ میں سرپرستوں کی رہنمائی کریں گے ۔ بعض انتظامی دشواریوں کے باعث ایم ڈی ایف کے سینئیر مرد حضرات محدود تعداد میں کونسلنگ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔ دوبہ دو پروگرام میں مرد حضرات کو شرکت کی اجازت نہیں ہے ۔ لڑکوں اور لڑکیوں کے پیامات کے لیے دو علحدہ علحدہ رجسٹریشن کاونٹرس بنائے جارہے ہیں جہاں صبح 10 بجے سے نئے رجسٹریشن کروا کر کارڈس حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں رہے گی تاہم جو لوگ پہلے ہی رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں از سر نو رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ لیکن ان کے اپنے ہمراہ رجسٹریشن کارڈ رکھنا ضروری ہوگا ۔ پروگرام کو محترمہ ظہیر فاطمہ ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد مخاطب کریں گی ۔ محترمہ شریف آمنہ نظامت کے فرائض انجام دیں گی ۔ جلسہ کا آغاز قاریہ یاسمین بیگم کی آیات قرآنی و ترجمہ سے ہوگا ۔ محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز حیدرآباد کے تعاون و اشتراک سے اس پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT