Monday , June 18 2018
Home / Top Stories / سیاسی سسٹم بدلنے تک کوئی تبدیلی نہیں آسکتی: ورون

سیاسی سسٹم بدلنے تک کوئی تبدیلی نہیں آسکتی: ورون

’’خواتین اور نوجوانوں کا جمہوریت میں رول بڑھانا وقت کی ضرورت‘‘
کوئمبتور 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ایم پی ورون گاندھی نے آج ہندوستان کے سیاسی نظام میں تبدیلی پر زور دیا جس میں منتخب نمائندوں کی واپس طلبی کا حق اور خواتین کے لئے زیادہ نمائندگی کی تجویز شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کا جمہوریت میں عظیم تر رول ہونا چاہئے۔ بی جے پی لیڈر کے مطابق عوام موجودہ طور پر اپنے منتخب نمائندوں کے انتخاب کے تعلق سے کم معلومات رکھتے ہیں اور وہ اُنھیں مذہب، ذات پات اور علاقہ کی بنیاد پر منتخب کرلیتے ہیں جو ملک کو آگے بڑھانے کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے۔ وہ یہاں سری کرشنا انسٹی ٹیوشنس کے زیراہتمام نوجوانوں سے متعلق ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو یہ حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ ناگزیر صورتحال میں منتخب نمائندوں کی حیثیت ختم کراسکیں۔ اِس حق کو اگرچہ بیجا طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن طویل مدت کے تناظر میں دیکھیں تو اِس سے ’’راست جمہوریت‘‘ کے نظریہ کو حقیقی روپ دینے میں مدد ملے گی۔ ’’جب تک سیاسی سسٹم میں تبدیلیاں نہیں کی جائیں کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا کیوں کہ عوام کی اہمیت ہونا چاہئے اور اُن کی رائے پر سنجیدگی سے توجہ دینا ضروری ہے اور اسی صورت میں حقیقی جمہوریت اُبھر آئے گی‘‘۔ خواتین کے لئے ریزرویشن کے موضوع پر اترپردیش میں سلطان پور کی نمائندگی کرنے والے رکن لوک سبھا نے کہاکہ پارلیمنٹ میں محض 11 فیصد اور ریاستی اسمبلیوں میں 9 فیصد خواتین ہیں۔ زیادہ تر سیاسی قائدین کے رشتہ دار ایوانوں میں داخل ہورہے ہیں۔ ’’میرے نام میں گاندھی کا لاحقہ نہ ہوتا تو شائد آج میں آپ سے خطاب نہیں کررہا ہوتا‘‘۔ اسی تناظر میں سسٹم کو بدلنا ضروری ہے۔ جن خواتین کا کوئی سیاسی پس منظر نہ ہو اُنھیں بھی مرضی کے مطابق سیاست میں داخلے کا موقع ملنا چاہئے۔ ورون نے کہاکہ ہندوستان کے پاس اب پہلی مرتبہ نرملا سیتارامن کی شکل میں خاتون وزیر دفاع ہے لیکن سپریم کورٹ میں 1950 ء سے صرف 6 خاتون ججس ہوئے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ عوام سسٹم کو بدلنے پر مائل نہیں اور وہ کسی نہ کسی بہانے سے خراب اور بدعنوان لوگوں کو برداشت کرلیتے ہیں۔ 37 سالہ ایم پی نے کہاکہ اِن مسائل کی نوجوان چاہیں تو یکسوئی کرسکتے ہیں، جس کے لئے اُنھیں جدوجہد کرتے ہوئے عوام کے خوابوں کو سچ کر دکھانا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT