Wednesday , December 12 2018

سیاسی فائدہ کیلئے اسکیمات کے آغاز کا الزام مسترد

عوام کی بھلائی حکومت کی ترجیح، اسمبلی میں ای راجندر کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے بی جے پی کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ سیاسی فائدہ اور ووٹ حاصل کرنے کیلئے حکومت مختلف اسکیمات کا آغاز کر رہی ہے۔ اسمبلی میں تصرف بل پر مباحث کے دوران بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی نے جب یہ الزام عائد کیا تو وزیر فینانس نے مداخلت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کبھی بھی سیاسی فائدہ اور ووٹ حاصل کرنے کو پیش نظر نہیں رکھا ہے۔ حکومت کی ترجیح عوام کی بھلائی ہے اور ٹی آر ایس نے تمام اسکیمات عوام کی بھلائی کے پیش نظر شروع کی ہے۔ راجندر نے کہا کہ انہیں کشن ریڈی کے ریمارکس سے تکلیف پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئی بھی اسکیم انتخابات سے قبل شروع نہیں کی بلکہ حکومت کی تشکیل کے بعد وعدوں کی تکمیل کے تحت اسکیمات کا آغازکیا گیا ۔ انہوں نے کسانوں کے 17,000 ہزار کروڑ کے قرضہ جات کی معافی اور غریبوں کیلئے پنشن اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ اسکیمات حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کیلئے انتخابات سے زیادہ تلنگانہ اور اس کے عوام کی بھلائی عزیز ہے۔ کمزور طبقات کی ترقی اور ان کی بھلائی کیلئے حکومت نے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کشن ریڈی کو چیلنج کیا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات کی مثال پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کٹ ، کسانوں کو فصلوں پر معاشی امداد ، کسانوں کے قرض کی معافی اور 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو برقی سربراہی جیسی ایک بھی اسکیم بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء نے تلنگانہ کی اسکیمات کی ستائش کی جبکہ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین سیاسی مقصد براری کے تحت تنقید کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT