Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / سید علی شاہ گیلانی کی نظربندی کے 7سال مکمل، سرینگر میں مظاہرے

سید علی شاہ گیلانی کی نظربندی کے 7سال مکمل، سرینگر میں مظاہرے

سری نگر 14جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گ) چیئرمین کی اپنے گھر میں نظربندی کے 7 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ حریت کے ایک ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ گیلانی بدستور اپنے گھر میں نظربند ہیں اور آج ان کی نظربندی کے 7سال مکمل ہوگئے ہیں۔یہ نظربندی کسی کورٹ آرڈر کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے اور نہ انتظامیہ نے آج تک اس سلسلے میں کوئی تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے ۔ 87سالہ رہنما کو محض گن پوائنٹ پر اپنے گھر میں یرغمال رکھا گیا ہے اور ان کی نقل و حرکت پر مکمل طور پابندی عائد رکھی گئی ہے ۔ حریت کانفرنس نے اس نظربندی کو آئین اور قانون کی مٹی پلید کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس دوران گیلانی کی نظربندی کے خلاف جمعہ کے روز تحریک حریت کے اہتمام سے شدید احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ان کی فوری رہائی پر زور دیا گیا۔ سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدرپورہ میں اس سلسلے میں نماز جمعہ کے بعد ایک بڑا جلوس نکالا گیا۔اس موقع پر لوگوں نے نعرے بلند کرتے ہوئے گیلانی سمیت تمام سیاسی قیدیوں اور نوجوانوں کی فوری رہائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طویل ترین نظربندی نے گیلانی کی صحت پر کافی منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور وہ حد سے زیادہ کمزور ہوگئے ہیں۔ تحریک حریت قائدین نے حقوق بشر کے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کو بھی اس بات کیلئے ہدفِ تنقید بنایا گیا کہ انہوں نے کشمیری رہنما کی خلافِ قانون نظربندی کا آج تک کوئی سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور نہ ان کی رہائی کیلئے کوئی آواز بلند کی ہے ۔

 

حضرت بلؒ پر فاروق عبداللہ کی حاضری
سری نگر ، 14جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور وہیں نماز جمعہ بھی ادا کی۔انہوں نے اس موقعہ پر جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان، عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقا، ریاست کے لوگوں کی خوشحالی و ترقی کے علاوہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوستی ، دونوں پڑوسی ممالک کے لوگوں کی خوشحالی و فارغ البالی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے دعا کی۔

TOPPOPULARRECENT