Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / سید عمرجلیل کی اقلیتوں کے تئیں خدمات کو خراج تحسین

سید عمرجلیل کی اقلیتوں کے تئیں خدمات کو خراج تحسین

اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں وداعی تقریب، اے کے خان مشیر اقلیتی امور و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 13جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے سابق سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی وداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں اقلیتوں کے لیے نئی اسکیمات متعارف کرنے اور موثر عمل آوری کے لیے ان کی ستائش کی گئی۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان نے تقریب کی صدارت کی۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردوا کیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ آئی ایف ایس، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن بی وکٹر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ منان فاروقی اور دیگر اقلیتی اداروں کے عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ اے کے خان خطاب کرتے ہوئے عمر جلیل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ اقلیتوں کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور تین برسوں میں ان کی مساعی کو فراموش نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان پر موثر عمل آوری اور زیادہ سے زیادہ اقلیتوں کو اسکیمات کے فوائد پہونچانے عمر جلیل نے مساعی کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کلکٹر وقار آباد کی حیثیت سے عمر جلیل کامیابی سے فرائض انجام دیں گے اور وہاں اقلیتوں کی بہتر خدمت کریں گے۔ سید عمر جلیل جنہیں کلکٹر وقار آباد مقرر کیا گیا جوابی تقریر میں اقلیتی بہبود ڈپارٹمنٹ میں اپنے دیرینہ تجربات بیان کیے۔ وہ محکمہ کے عہدیداروں کے بھرپور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی خدمت میں انہیں قلبی سکون حاصل ہوا۔ عمر جلیل نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم، شادی مبارک اور اقلیتوں کو سیول سرویسس کوچنگ کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا انہوں نے اسکیمات کے لیے حتی المقدور مساعی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود میں تین برس تک خدمات انجام دینے کے دوران انہیں کئی تجربات سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے نئے سکریٹری دانا کشور کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مختلف اقلیتی اداروں کی جانب سے سید عمر جلیل کو تہنیت پیش کی گئی اور یادگاری مومنٹوس پیش کیے گئے۔

TOPPOPULARRECENT