Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / سیریز کے کامیاب انعقاد پر آئی سی سی کی مبارکباد

سیریز کے کامیاب انعقاد پر آئی سی سی کی مبارکباد

 

دبئی ۔16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین کھیلی گئی سیریز آزادی کپ 2017 کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مبارک باد پیش کی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈائریکٹر جائلز کلارک اور چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ایک ویڈیو پیغام میں ورلڈ الیون کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔دونوں عہدیداروں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ آزادی کپ سیریز کے دوران پاکستانی عوام نے کرکٹ کے لیے اپنے جذبات کا بہترین مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے ایسا ماحول فراہم کیا جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کر سکیں۔جائلز کلارک اور ڈیوڈ رچرڈسن نے مزید کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک چھوٹا قدم ہے، تاہم اس دورے سے ظاہر ہے کہ اب آئی سی سی کی مستقل ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔آزادی کپ کے ابتدائی دو میچز دیکھنے والے آئی سی سی ڈائریکٹر جائلز کلارک نے کہا کہ ورلڈ الیون ٹیم کا استقبال پاکستان میں غیر معمولی تھا، جبکہ آئی سی سی نے شائقین کے ساتھ تعامل بنانے کی بھرپور کوشش کی۔انہوں نے کہا سیریز کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین جیسا ردِ عمل انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور آزادی کپ کی تیاریوں میں شامل تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم، انتظامیہ اور عوام نے بتا دیا کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں اور یہاں میچز بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ آزادی کپ کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے اعتماد بحال کرنے میں پہلا قدم ہے۔پاکستان میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقد کروانا اور پاکستان کا دورہ کرنے میں خطرات ہو سکتے ہیں لیکن پاکستان کے سیکیورٹی ادارے خطرے سے نمٹنے کے اہل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT