Tuesday , November 21 2017
Home / جرائم و حادثات / سیر و تفریح کی آن لائن بکنگ مہنگی ثابت

سیر و تفریح کی آن لائن بکنگ مہنگی ثابت

ویب سائیٹ کے ذریعہ سیاحوں کو دھوکہ، سائبر کرائم پولیس سے دھوکہ دہی کا ریاکٹ بے نقاب
حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) سیر و تفریح کے خواہشمند شہریوں کیلئے آن لائن بکنگ مہنگی ثابت ہوسکتی ہے چونکہ دھوکہ باز افراد اب ہر موقع کا فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔ غذائی اجناس آرام و آرائش کی اشیاء تو دور اب سیروتفریح کے نام پر بھی دھوکہ دیا جانے لگا ہے۔ سائبر کرائم سائبرآباد پولیس نے ایک ایسے ہی ریاکٹ کو بے نقاب کیا جو شہریوں کے جذبات اور خواہشات سے کھلواڑ کررہا تھا اور انٹرنیٹ کی مصروف ویب سائیٹ ’’یاترا ڈاٹ کام‘‘ کے نام پر دھوکہ دے رہا تھا۔ پولیس نے دہلی سے چلائے جارہے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ تاہم اصل سرغنہ اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرآف پولیس سائبر کرائم سائبرآباد مسٹر جے رام نے بتایا کہ نئی دہلی میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد سورج نندن اگروال، سوربھ سنگھ اور نرنجن کمار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس سائبر کرائم سائبرآباد کو 19 اگست کو ایک شکایت وصول ہوئی تھی۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے شکایت ذکر کیا تھا کہ شکایت گذار کے بشمول 9 افراد سیروتفریح کا منصوبہ بناچکے تھے اور انٹرنیٹ پر سیروتفریح کے بہترین گروپس کی تلاش میں تھے کہ انہیں ایک فون کال موصول ہوا اور فون کرنے والے خود کو یاترا ڈاٹ کام سے بتایا اور کم خرچ میں سیروتفریح کے پیاکیج کی پیشکش کی اور انتہائی کم قیمت میں فلائیٹ کے ٹکٹس فراہم کرنے کا انہیں جھانسہ دیا۔ شکایت گذار شخص نے اس کی جعلسازی کا شکار ہوکر رقم اس کے بتائے ہوئے اکاونٹ میں جمع کروائی اور شکایت گذار کو یاترا ڈاٹ کام کے خودساختہ ملازم نے بذریعہ میل ایرٹکٹ روانہ کیا۔ تاہم جب انہوں نے دیکھا کہ میل کے ذریعہ حاصل شدہ ایرٹکٹ کا پی این آر کسی بھی موقع پر میل نہیں کھاتا اور جب انہوں نے وضاحت چاہی تو اس شخص نے اپنا فون بند کردیا تھا جس کے بعد مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا تھا۔ سائبر کرائم سائبرآباد پولیس نے اس سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT