Thursday , July 19 2018
Home / دنیا / سیف الاسلام قذافی لیبیا کے صدارتی امیدوار

سیف الاسلام قذافی لیبیا کے صدارتی امیدوار

تیونس /طرابلس،20مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شورش زدہ لیبیا میں آئندہ سال صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں جس میں سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کے بارے میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ وہ بھی انتخابات میں ایک امیدوار ہوں گے ۔لیبیا کی پاپولر فرنٹ پارٹی کے ترجمان ایمن ابو راس نے کہا ہے کہ ان انتخابات میں سیف الاسلام ان کی پارٹی کی نمائندگی کریں گے ۔انھوں نے پڑوسی ملک تیونس میں پیر کو ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔مقامی میڈیا کے مطابق انھوں نے کہا کہ سیف قومی مفاہمت، دوسروں کو قبول کرنے اور ملک کی تعمیر نو کے لیے کام کریں گے ۔ اس کے ساتھ وہ ملک میں استحکام کے لیے ایک صدر اور ایک حکومت کے قیام پر توجہ مرکوز کریں گے ۔لیبیا کے سابق صدر معمر قدافی کے سات بیٹے تھے ۔ برطانوی یونیورسٹی لندن اسکول آف اکنامکس سے تعلیم یافتہ سیف الاسلام کو کرنل معمر قذافی کا جانشین تصور کیا جاتا تھا۔اپنے والد کے دور صدارت میں لیبیا کي حکومت میں کسی سرکاری عہدہ پر نہ ہوتے ہوئے بھی سیف الاسلام کو ملک کی دوسری سب سے طاقتور ہستی قرار دیا جاتا تھا۔یہی نہیں بلکہ کرنل معمر قذافی کے خلاف بغاوت تک شاندار انگریزی بولنے والے 45 سالہ سیف الاسلام لیبیا کی حکومت کا اصلاح پسند چہرہ بھی تھے ۔لیکن 2011ء میں بغاوت کے دوران لیبیا کی ملیشیا نے انھیں پکڑ لیا اور انھیں اپنی قید میں رکھا۔

TOPPOPULARRECENT