Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / سیما۔آندھرا میں تلگو دیشم کی کامیابی یقینی ، چندرا بابو نائیڈو کا دعویٰ

سیما۔آندھرا میں تلگو دیشم کی کامیابی یقینی ، چندرا بابو نائیڈو کا دعویٰ

عوام کانگریس پر برہم : وینکیا نائیڈو ، وائی ایس آر کانگریس کی کلین سوئپ:رامچندر راؤ ، نتائج کا بے چینی سے انتظار

عوام کانگریس پر برہم : وینکیا نائیڈو ، وائی ایس آر کانگریس کی کلین سوئپ:رامچندر راؤ ، نتائج کا بے چینی سے انتظار

حیدرآباد۔ 8 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا ریاستوں میں رائے دہی کا مرحلہ پورا ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں، کارکنوں اور عوام کو نتائج کا بے چینی سے انتظار ہے۔ 16 مئی کو صبح ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی اور توقع ہے کہ دوپہر تک واضح تصویر سامنے آجائے گی۔ اس دوران سیاسی جماعتیں کامیابی کے دعوے کررہی ہیں۔ صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سیما۔ آندھرا میں ان کی پارٹی کو 120 تا 130 اسمبلی اور 20 تا 22 پارلیمانی نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس قائدین نے رائے دہندگان میں کشیدہ شراب تقسیم کرتے ہوئے پانچ افراد کو ہلاک کیا ہے۔ شکست کے خوف سے پارٹی نے عوام میں نفسیاتی ڈر پیدا کرتے ہوئے رائے دہی کا فیصد کم کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ ترکیب ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی جو پہلے پولی ویندلہ تک محدود تھی ،اسے سارے سیما۔ آندھرا علاقہ میں پھیلا دیا گیا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی قومی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے آندھرا پردیش میں بی جے پی ۔ ٹی ڈی پی اتحاد کی کامیابی کا یقین ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش (سیما۔آندھرا) کے عوام کانگریس پر برہم ہیں۔ اس دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی ترجمان جی رام چندر راؤ نے کہا کہ انتخابات میں ان کی پارٹی نہ صرف کلین سوئپ کرے گی بلکہ تلنگانہ ریاست میں بھی ’’بادشاہ گر‘‘ کا موقف حاصل کرے گی۔تلگو دیشم اور بی جے پی کی سازشیں ناکام ہوگئی ہیں اور عوام نے وائی ایس آر کانگریس کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔

TOPPOPULARRECENT