Wednesday , December 12 2018

سیما آندھرا اور تلنگانہ میں تلگو عوام ہمیشہ ایک رہیں گے

چندرا بابو نائیڈو کا یقین ۔ انتخابات میں کامیابی پر این ٹی آر کی سمادھی پر آمد

چندرا بابو نائیڈو کا یقین ۔ انتخابات میں کامیابی پر این ٹی آر کی سمادھی پر آمد
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج بانی تلگو دیشم پارٹی آنجہانی ین ٹی راما راؤ کی یادگار ین ٹی آر گھاٹ پہونچ کر انہیں ( ین ٹی راما راؤ کو ) بھر پور خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آنجہانی ین ٹی راما راؤ نے ہمیشہ تلگو عوام کی عزت نفس اور تلگو عوام کے وقار کو بلند رکھنے کے لیے کوشاں رہے ۔ مسٹر نائیڈو آج اپنے ارکان خاندان کے ساتھ بشمول اہلیہ ، فرزند اور بہو کے ساتھ ین ٹی آر گھاٹ پہنچے اور ین ٹی آر کی سمادی پر پھول نچھاور کئے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو جنہیں عام انتخابی نتائج میں سیما آندھرا علاقہ سے زبردست اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی اسی مسرت میں ین ٹی آر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ بعد ازاں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ریاست دو حصوں میں تقسیم ہونے کے باوجود دونوں ریاستوں کے تلگو عوام ہیں اور یہ تمام تلگو عوام ایک ہی ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا ریاست کے ساتھ تلنگانہ کی ترقی کی ہم تمام پر ذمہ داری عائد ہوگی ۔ انہوں نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اقتدار کے نشہ میں من مانی اقدامات کیے ۔ یہاں تک کہ ریاست کے دو ٹکڑے کردئیے اگر یہ تقسیم بہتر و مناسب انداز میں کی جاتی تو اچھا تھا لیکن ایسا نہیں کی بلکہ تلگو عوام کو آپس میں تقسیم کر رکھدیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار کا نشہ چڑھا ہوا تھا ‘ من مانی اقدامات کے بعد عوام نے اسے سبق سکھادیا ۔ انہوں نے علاقہ تلنگانہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ کو سماجی تلنگانہ بنانے کے اقدامات کریں گے اور پھر سیما آندھرا کو سنہرا آندھرا پردیش بنانے کے اقدامات کریں گے ۔ مسٹر چندرا بابونائیڈو نے کانگریس کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا نہ صرف ریاست سے بلکہ ملک بھر سے صفایا ہوگیا کیونکہ اسی کانگریس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا جس پر عوام نے کانگریس کو بہتر سبق سکھایا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT