Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / سیما آندھرا ملازمین پر کے سی آر کے ریمارکس اشتعال انگیز

سیما آندھرا ملازمین پر کے سی آر کے ریمارکس اشتعال انگیز

صدر اے پی نان گزیٹیڈ ایمپلائز اسوسی ایشن اشوک بابو کی چندرا بابو سے ملاقات

صدر اے پی نان گزیٹیڈ ایمپلائز اسوسی ایشن اشوک بابو کی چندرا بابو سے ملاقات

حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش نان گزیٹیڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے صدر مسٹر اشوک بابو کی قیادت میں آج ملازمین کے ایک وفد نے صدر تلگودیشم مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کے منتخب چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے دیئے گئے بیان پر شدید اعتراض کرتے ہوئے اس بات کی شکایت کی کہ اگر اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو ملازمین ریاست کی ترقی میں تعاون سے قاصر رہیں گے۔ مسٹر اشوک بابو کی قیادت میں ملازمین کے وفد نے صدر تلگودیشم کو منقسم آندھرا پردیش میں بھاری اکثریت حاصل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم پارٹی سے سیما آندھرا عوام بالخصوص ملازمین کو توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی پر عوام نے یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ پارٹی اپنے طرزِ حکمرانی کے ذریعہ منقسم آندھرا پردیش کی ترقی کو یقینی بنائے۔ بعد ازاں مسٹر اشوک بابو نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جس طرح سے اشتعال انگیز بیانات جاری کرتے ہوئے تلنگانہ ملازمین کو اُکسارہے ہیں اس سے ملازمین کے درمیان نفرت پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے منتخب چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ چندرا بابو نائیڈو کی طرح سب کو ساتھ لے کر چلیں تاکہ دونوں ریاستوں کی ترقی ممکن ہوسکے کیونکہ جب تک دونوں ریاستیں ترقی یافتہ نہیں ہوں گی اس وقت تک عوام میں بے چینی کی کیفیت برقرار رہے گی۔ مسٹر اشوک بابو نے سیما آندھرا ملازمین کے تعلق سے کئے گئے کے چندر شیکھر راؤ کے ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ ریاست علحدہ ہوچکی ہے تو ایسی صورت میں اس طرح کے بیانات سے مختلف خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی سیما آندھرا میں اقتدار حاصل کرنے کے باوجود نبردآزما ہونے سے گریز کررہی ہے اور حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے ایسی کوئی کوششیں ہوتی نظر نہیں آرہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT