سیول سرویس میں کامیاب امیدواروں کو مفتی سعید کی مبارکباد

سرینگر ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید نے یو پی ایس سی سیول سرویس امتحانات میں کامیاب ریاست کے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے اور بتایا کہ یہ امیدوار دیگر طلباء کے لیے قابل تقلید بن گئے ہیں جو کہ سیول سرویس امتحان میں شرکت کے خواہش مند ہیں ۔ چیف منسٹر نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ میں ان تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے باوقار امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے کامیاب امیدواروں سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امیدوار مستقبل کے طلباء کے لیے سرچشمہ وجدان اور رول ماڈل ہوں گے ۔ گذشتہ ہفتہ معلنہ سیول سرویس امتحانات کے نتائج میں ریاست کے 10 امیدواروں بشیر الحق ، آفاق احمد گیری ، محمد یسین ، پریتی شرما ، دیبا فرح ، اطہر امیر الشفیع خاں اور عرفان حافظ نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ چیف منسٹر نے ماٹن ضلع اننت ناگ کے ساکن 22 سالہ امیر الشفیع کی ستائش کی جنہوں نے کم عمری میں باوقار امتحان کوالیفائی کیا ۔

TOPPOPULARRECENT